کھیل

انگلینڈ نے پنڈی ٹسٹ 74 رن سے جیت لیا

فاسٹ بولر اولی رابنسن کی شاندار بولنگ اور بہترین بلے بازی کی مدد سے انگلینڈ نے پہلے ٹسٹ میں پاکستان کو 74 رن سے شکست دیکر تین میاچس کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی۔

راولپنڈی: فاسٹ بولر اولی رابنسن کی شاندار بولنگ اور بہترین بلے بازی کی مدد سے انگلینڈ نے پہلے ٹسٹ میں پاکستان کو 74 رن سے شکست دیکر تین میاچس کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کرلی۔

پاکستان کو ٹسٹ جیتنے کیلئے دوسری اننگز میں 342 رنوں کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 268 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کیلئے دوسری اننگز میں سعود شکیل نے سب سے زیادہ 76 رن بنائے جس میں 12 چوکے شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر امام الحق 48‘ اظہر علی 40‘ محمد رضوان 46 اور آغا سلمان 30 شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم چائے کے وقفہ تک جیت کے موقف میں تھی تاہم جیسے ہی چائے کے وقفہ کے بعد کا کھیل شروع ہوا انگلش بولرس حاوی ہوگئے اور میزبان ٹیم نے 9 رنوں کے اضافہ پر اپنے 5 وکٹ گنوادیئے۔

انگلش ٹیم کیلئے دوسری اننگز میں اولی رابنسن اور تجربہ کار فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4,4 جبکہ کپتان بن اسٹوکس اور جیک لیچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے کل کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا تاہم کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز اوپنر امام الحق جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان نے ایک اچھی شراکت داری کے ذریعہ جیت کی امید پیدا کی تھی تاہم رضوان کے آؤٹ ہوتے ہی یہ امید ختم ہوگئی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے 4 سنچریوں کی مدد سے پہلی اننگز میں 657 رن بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 579 رن بناکر آؤٹ ہوئی۔ پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے والی انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹ پر 264 بناکر اپنی اننگز ڈکلیر کردی اور پاکستان کو 342 کا نشانہ مقرر کیا جسے عبور کرنے میں وہ ناکام رہی۔

میاچ میں 5 وکٹ لینے والے اولی فاسٹ بولر اولی رابنسن کو میان آف دی میاچ قرار دیاگیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹسٹ جمعہ 9 فروری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔