کھیل

ویراٹ کوہلی فٹنس کے معاملہ میں نوجوانوں سے بھی آگے:راشد خان

افغانستان کے اسپن بولر راشد خان نے ویراٹ کوہلی کے بارے میں کہاکہ انہیں یقین ہے کہ کوہلی جلد ہی اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرلیں گے۔

نئی دہلی: ناقص فام سے گزر رہے ٹیم انڈیا کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی فٹنس کی ہرکوئی تعریف کرتے ہیں۔ حال ہی میں ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے ویراٹ کی فٹنس کے بارے میں کہا تھا کہ اس معاملے میں کوئی بھی کرکٹر ان کے آس پاس نہیں ہے۔ اس فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ ہوا ہے۔

افغانستان کے اسپن بولر راشد خان نے ویراٹ کوہلی کے بارے میں کہاکہ انہیں یقین ہے کہ کوہلی جلد ہی اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرلیں گے۔ راشد خان نے کہاکہ کوہلی دنیا کے چند بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اسی وجہ سے ان کیلئے فام کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

راشد خان نے کوہلی کی فٹنس کی بھی ستائش کی۔ افغان لیگ اسپنر نے کہاکہ کوہلی کی فٹنس آج بھی کسی نوجوان کھلاڑی سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان نہ صرف بلے بازی میں بلکہ فٹنس میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے روڈ ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

راشد خان نے مزید کہاکہ کوہلی ایشیاء کپ کے کامیاب بلے بازوں میں سے ایک ہوں گے۔ واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی اس وقت اپنے کیریر کے انتہائی نازک دور سے گزرر ہے ہیں۔ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنائے ہزار دن سے زیادہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ بنگلہ دیش کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔ تاہم ان کے مداحوں کو یقین ہے کہ وہ ایشیاء کپ میں اپنا فام بحال کرلیں گے۔