کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دورہ ہند کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان

آسٹریلیا نے رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ورلڈ چمپئن کی قیادت آرون فنچ کریں گے جبکہ نائب کپتان پیٹ کمنز ہوں گے۔

سڈنی: آسٹریلیا نے رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ورلڈ چمپئن کی قیادت آرون فنچ کریں گے جبکہ نائب کپتان پیٹ کمنز ہوں گے۔

گزشتہ سال آسٹریلیا نے متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا ورلڈکپ جیتا تھا۔ اس ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر مچل سویپسن کی جگہ آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ کو ٹیم میں شامل کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے خلاف 20 ستمبر سے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کیلئے بھی ٹیم کا اعلان کردیا گیاہے۔

آسٹریلیا کے لیجنڈری اوپنر ڈیوڈ وارنر ہندوستان کے دورے پر نہیں ہوں گے۔ انہیں سیریز سے آرام دیا گیاہے۔ ان کی جگہ کیمرون گرین ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ اسٹیو اسمتھ کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دورہ ہندوستان کیلئے منتخب ہونے والی اس ٹیم میں جگہ ملی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسمتھ کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی ہے۔ ایسے میں خیال کیاجا رہا تھاکہ وہ آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن ایک بار پھر آسٹریلوی ٹیم نے ان پر اعتماد کا اظہار کیاہے۔ ٹم ڈیوڈ مارچ 2020 تک سنگاپور کی ٹیم کیلئے 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔

وہ اس سال آئی پی ایل میں بھی نظر آئے اور ممبئی انڈینز کیلئے 9 میچ کھیلے۔ ساتھ ہی کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا ہے کہ ڈیوڈ آئی سی سی کے قوانین کے تحت فوری طورپر آسٹریلیا کیلئے کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ انہیں دونوں ایونٹ کیلئے منتخب کیاگیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور ہندوستان سیریز کیلئے آسٹریلیائی اسکواڈ اس طرح ہے۔

آرون فنچ (کپتان)، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر، مارکس اسٹاونس، ایشٹن اگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلیس، مچل مارش، گلین میکسویل، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا۔ آرون فنچ (کپتان)، میتھیو ویڈ، مارکس اسٹوئنس، ایشٹن اگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلس، مچل مارش، گلین میکسویل، کیمرون گرین، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا۔