کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے افغان ٹیم میں متعدد تبدیلیاں

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیاہے۔

کابل: افغانستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیاہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ محمد نبی کی سربراہی میں بورڈ کے ذریعہ مجموعی طورپر 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیاہے۔

تاہم اس ٹیم میں بہت سے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیاگیاہے۔ حال ہی میں اختتام پذیر ایشیا کپ 2022 میں حال ہی میں افغانستان کی قیادت کرنے والے محمد نبی کو آئندہ ورلڈکپ کیلئے کپتان منتخب کیا گیا ہے۔

سمیع اللہ شنواری، ہشمت اللہ شاہدی، آفسر جازئی، کریم جنت اور نور احمد جیسے کھلاڑی جو ایشیاء کپ کا حصہ تھے، ورلڈکپ ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔

مڈل آرڈر بلے باز درویش رسولی، وقاس احمد اور دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلیم سیفی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 22 سال کے رسولی نے رواں سال کے شروع میں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی شروعات کی۔

انہوں نے انگلی کی چوٹ سے صحت یاب ہونے اور گھریلو لیگ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔