کھیل

ہند۔آسٹریلیا کے درمیان کل حیدرآباد میں فیصلہ کن میاچ

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ کل حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اپل میں کھیلا جائے گا۔

حیدرآباد: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ کل حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اپل میں کھیلا جائے گا۔

3 میاچس کی سیریز اس وقت 1-1 سے مساوی ہے۔ اس طرح کل ہونے والا مقابلہ دونوں ٹیموں کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں کپتان کی نگاہیں حیدرآباد میں جیت کے ساتھ سیریز پر قبضہ جمانے پر ہوں گی۔ سیریز کا پہلا مقابلہ آسٹریلیا نے 209 رنوں کے نشانہ کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے جیتا تھا جبکہ روہت شرما کی ٹیم نے گذشتہ رات ناگپور میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ دوسرے میاچ میں شاندار جیت حاصل کرکے سیریز مساوی کردی۔

حیدرآباد کی وکٹ سے فاسٹ بولرس کو اسپنرس کے مقابلہ زیادہ مدد ملتی ہے۔ ایسے میں کل دونوں ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتاہے۔ ٹیم انڈیا کیلئے اچھی بات یہ رہی کہ کپتان روہت شرما اپنے بہترین فام میں واپس آچکے ہیں۔ روہت نے کل دھواں دھار بلے بازی کے ذریعہ نہ صرف ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا بلکہ میان آف دی میاچ اعزاز بھی حاصل کیا۔

دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کو جیت کے باوجود بولنگ کے شعبہ میں سدھار کی ضرورت ہے۔ فٹنس مسائل پر قابو پانے کے بعد واپسی کرنے والے ہرشل پٹیل کافی مہنگے ثابت ہورہے ہیں جبکہ بھونیشور کمار بھی انتہائی ناقص فام سے گزر رہے ہیں۔ ایسے میں کل نوجوان فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو آخری 11 کھلاڑیوں میں جگہ مل سکتی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی ایک دو تبدیلیاں ہوسکتی ہے۔ فنچ نے دوسرے میاچ کیلئے بھی ٹیم میں تبدیلیاں کی تھی۔ اس مقابلہ میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ بہرحال کل فیصلہ کن مقابلہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے جو شام 7 بجے سے شروع ہوگا۔