کھیل

برازیل، فیفا ورلڈ کپ سے باہر

میچ کا زائد وقت ختم ہونے پر دونوں ٹیمیں جب ایک ایک گول کرکے برابری پر تھیں تو پنالٹی شوٹ آؤٹ کا فیصلہ کیا گیا جس میں کروشیا کے گول کیپر نے پہلا ہی گول روک کر اپنی ٹیم کو نفسیاتی برتری دلادی۔

دوحہ: پانچ مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل، فیفا ورلڈ کپ 2022 سے باہر ہوگئی ہے۔

چار کوارٹر فائنل میچوں میں سے پہلا کوارٹر فائنل میچ آج شام قطر کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں ہندوستانی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے برازیل اور کروشیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں کا اسکور زائد وقت مکمل ہونے کے بعد بھی ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

قبل ازیں 90 منٹ کے میچ میں بھی دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہیں کرسکا۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے لئے لوہے کا چنا ثابت ہوئیں-

تاہم 30 منٹ کے زائد وقت میں 16 ویں منٹ کے دوران برازیل کے نیمار جونیر نے شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو لگ بھگ سیمی فائنل میں پہنچا ہی دیا تھا تاہم کروشیا نے اگلے ہی چند منٹوں میں گول کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔ کروشیا کے برونو پیٹکووچ نے یہ گول بنایا۔

میچ کا زائد وقت ختم ہونے پر دونوں ٹیمیں جب ایک ایک گول کرکے برابری پر تھیں تو پنالٹی شوٹ آؤٹ کا فیصلہ کیا گیا جس میں کروشیا کے گول کیپر نے پہلا ہی گول روک کر اپنی ٹیم کو نفسیاتی برتری دلادی۔

جبکہ دوسری طرف برازیل کے گول کیپر ایک بھی گول روکنے میں ناکام رہے۔ کروشیا نے لگاتار چار گول اسکور کئے جبکہ برازیل صرف دو گول کرنے میں کامیاب رہا۔ نتیجہ میں کروشیا نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں چار دو سے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

اس طرح کروشیا فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں پہچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔