کھیل

ڈیویڈ وارنر‘ آسٹریلیا کے آئندہ ونڈے کپتان بن سکتے ہیں

ونڈے کپتان کیلئے 100 ٹسٹ میچ کھیلنے اور اپنے 100 ویں ٹی 20 کے قریب پہنچنے والے وارنر سب سے بڑے دعویدار ہیں۔ کئی سینئر کھلاڑیوں نے بھی ان کی حمایت میں اپنی رائے دی۔

سڈنی: آرون فنچ کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا آئندہ کپتان کون ہوگا اس کے بارے میں مسلسل بحث جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے سے اپ ڈیٹ کے مطابق ڈیویڈ وارنر پر سے پابندی ہٹانے پر غور کیاجا رہاہے۔

وارنر پر 2018 میں بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کے بعد قیادت کیلئے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔ لیکن اب اس پر غور کیاجا رہا ہے۔ اگر ایسا ہوتاہے تو ان کیلئے آسٹریلیا کی ونڈے ٹیم کا کپتان بننے کا راستہ صاف ہو جائے گا۔

ونڈے کپتان کیلئے 100 ٹسٹ میچ کھیلنے اور اپنے 100 ویں ٹی 20 کے قریب پہنچنے والے وارنر سب سے بڑے دعویدار ہیں۔ کئی سینئر کھلاڑیوں نے بھی ان کی حمایت میں اپنی رائے دی۔ آسٹریلین اسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ اگر وارنر پر سے پابندی ہٹانی ہے تو کرکٹ آسٹریلیا کو اپنا کوڈ تبدیل کرنا ہوگا۔

 اس حوالے سے فیصلہ جمعہ کو ہوبارٹ میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ آسٹریلیا کو اگلے سال افغانستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کھیلنی تھی جس میں ٹیم ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ لیکن ٹیم پہلے ہی افغانستان سے کھیلنے سے انکار کرچکی ہے۔ تاہم ٹیم ورلڈکپ میں 4 نومبر کو ایک دوسرے سے کھیلے گی۔

 وارنر سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں جانتے لیکن اگر انہیں کپتان بننے کا موقع ملا تو یہ اعزاز کی بات ہوگی۔ اس سے قبل فنچ جو ٹیم کے ونڈے کپتان تھے، بھی چاہتے ہیں کہ وارنر یہ ذمہ داری سنبھالیں۔

انہوں نے حال ہی میں وارنر کی کپتانی کے بارے میں کہاتھا کہ وہ ایسا شخص ہے جس کی قیادت میں میں آسٹریلیا کیلئے کئی بار کھیل چکا ہوں جب انہیں کپتانی کا موقع ملا ہے اور وہ لاجواب رہے ہیں۔ وہ ایک ناقابل یقین کپتان ہیں اور سب کھلاڑی ان کے ماتحت کھیلنا پسند کرتے ہیں۔