کھیل

انگلینڈ بھی ہوگیا فیفا ورلڈ کپ کے باہر

دونوں ٹیموں نے اس میچ میں اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ نے زیادہ تر گیند کو اپنے ہی قبضے میں رکھا اس کے باوجود فرانس کی ٹیم پہلے گول کرنے میں کامیاب رہی۔

دوحہ: فیفا ورلڈ کپ کا چوتھا کوارٹر فائنل میچ آج رات قطر کے البیت اسٹیڈیم میں فرانس اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں فرانس نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

دونوں ٹیموں نے اس میچ میں اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ نے زیادہ تر گیند کو اپنے ہی قبضے میں رکھا اس کے باوجود فرانس کی ٹیم پہلے گول کرنے میں کامیاب رہی۔

فرانس کے آرولین شومینی نے 17 ویں منٹ میں تقریباً 22 میٹر کی دوری سے شاٹ لگا کر شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ تاہم اس کے بعد ایک فرانسیسی کھلاڑی کی غلطی کے باعث انگلینڈ کو ایک پنالٹی کک مل گئی جسے اس کے کپتان ہیری کین نے گول میں تبدیل کرکے اسکور ایک ایک سے مساوی کردیا۔

ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کرکے برابری پر تھیں تاہم اولیور گیروڈ نے 78 ویں منٹ میں دوسرا گول بناتے ہوئے فرانس کو پھر ایک بار سبقت دلادی۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس گول کے بعد پھر ایک فرانسیسی کھلاڑی نے فاؤل کردیا تاہم ریفری نے اسے ماننے سے انکار کردیا جس پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ریویو کی اپیل کی۔ ریفری نے ریویو کے بعد اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انگلینڈ کو ایک اور پنالٹی کک دی۔

اس بار بھی شوٹ کی ذمہ داری کپتان ہیری کین نے سنبھالی تاہم وہ اسکور مساوی کرنے کے اس سنہری موقع سے استفادہ نہیں کرسکے اور جب انہوں نے گیند کو کک ماری تو وہ گول پوسٹ کے کافی اوپر سے ہوتی ہوئی شائقین میں جاگری۔

اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی شکست پر مہر ثبت ہوگئی اور وہ میچ کے آخر تک کوئی گول کرنے میں ناکام رہی۔ اس طرح فرانس نے یہ میچ جیت کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

اب سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ 15 دسمبر کو رات ہندوستانی وقت کے مطابق ساڑھے بارہ بجے مراکش سے ہوگا جو جارحانہ فارم میں ہے۔ مراکش نے آج شام کھیلے گئے ایک کوارٹر فائنل میں پرتگال کو صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔

ایک اور سیمی فائنل ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ 14 دسمبر کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے کھیلا جائے گا۔