کھیل

فٹبال ورلڈ کپ کی نقلی ٹرافیاں پکڑی گئیں

وزارت داخلہ نے اس آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا کہ ٹرافیاں کہاں سے ملی ہیں اور نہ ہی اس کارروائی کے دوران کسی مشتبہ فرد یا افراد کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی آگاہی دی گئی ہے۔

دوحہ: قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز رواں ماہ 20 نومبر سے ہوگا تاہم دنیا کے سب سے مقبول ترین کھیل کے عالمی کپ کے آغاز سے قبل بڑی تعداد میں جعلی ٹرافیاں پکڑی گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوحہ میں انتظامیہ نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے فٹبال ورلڈ کپ کی 144 جعلی ٹرافیاں ضبط کرلی ہیں۔

اس حوالے سے قطر کے وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی کہ ایک ویب سائٹ فٹبال ورلڈ کپ کی جعلی ٹرافیاں بنا کر فروخت کر رہی ہے، اس خفیہ اطلاع پر متعلقہ اداروں نے کامیاب چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں سنہرے رنگ کی جعلی ٹرافیاں ضبط کرلیں جن کی تعداد 144 بتائی جاتی ہے۔

قطری وزارت داخلہ کی جانب سے کارروائی میں ضبط کی گئی ٹرافیوں کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کردی ہے جس میں ایک فرش پر فٹبال ورلڈ کپ کی ان جعلی ٹرافیوں کو رکھے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزارت داخلہ نے اس آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا کہ ٹرافیاں کہاں سے ملی ہیں اور نہ ہی اس کارروائی کے دوران کسی مشتبہ فرد یا افراد کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی آگاہی دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے عالمی کپ کا آغاز قطر میں رواں ماہ 20 نومبر سے ہوگا اور افتتاحی میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے مابین کھیلا جائے گا۔