کھیل

عمران ملک کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹیم میں ہونا چاہئے تھا: وینگسرکر

اسپورٹس اسٹار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوئی آؤٹ آف دی باکس سوچ نہیں ہے۔ میں عمران ملک کو اس کی رفتار کی وجہ سے منتخب کروں گا۔ وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہا ہے۔

ممبئی: جسپریت بمراہ کے زخمی ہونے سے ٹیم انڈیا کی ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے آسٹریلیا میں ہونے والے میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے  ہیں۔ رویندر جڈیجہ کے بعد بمراہ بھی ورلڈ کپ ٹیم سے باہر ہوئے ہیں جو ہندوستان کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا۔

ایسے میں کرکٹ ماہرین نے ان ناموں پر بحث شروع کردی ہے جو بمراہ کے باہر ہونے کے بعد ٹیم میں اپنی جگہ بناسکتے ہیں۔ دریں اثنا سابق کپتان دلیپ وینگسرکر نے 4 ایسے نام بتائے ہیں جنہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔

 اسپورٹس اسٹار سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوئی آؤٹ آف دی باکس سوچ نہیں ہے۔ میں عمران ملک کو اس کی رفتار کی وجہ سے منتخب کروں گا۔ وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہا ہے۔ اب آپ کو اسے چننا ہے، جب وہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولر بن جائے گا تو آپ اسے نہیں اٹھا سکتے۔

وینگسرکر نے یہ بھی کہا کہ عمران کو 2022 کے ایشیا کپ میں بھی منتخب کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ دبئی میں جہاں وکٹ بغیر کسی باؤنس کے فلیٹ اور گھاس سے پاک تھی، آپ کو تیز گیند بازوں کی ضرورت تھی جو تیز رفتاری سے بلے بازوں کو شکست دے سکیں۔

 عمران ملک کے علاوہ وینگسرکر نے شریاس ایئر، محمد سمیع اور شبمن گل کا نام لیا۔ واضح رہے کہ سمیع اور ایئر کا نام ورلڈ کپ کے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہاکہ شریاس ایئر اچھی فارم میں ہیں اور وہ باہر ہیں۔ محمد سمیع اور شبمن گل کو بھی ٹیم میں ہونا چاہیے۔ میں گل سے متاثر ہوں۔