کھیل

شعیب ملک کیساتھ سلکٹرس کا رویہ افسوسناک : آفریدی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات (15 ستمبر) کو آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات (15 ستمبر) کو آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

آئندہ میگا ایونٹ کیلئے بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت سے نوجوان اور اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیاہے۔ لیکن پاکستان کے کئی لیجنڈز ٹیم سلیکشن سے خوش نہیں ہیں اور شعیب اختر جیسے پاکستان کے سابق کھلاڑی یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ اگر ٹیم ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتی تو پوری انتظامیہ کو باہر پھینک دینا چاہیے۔

ٹیم میں شعیب ملک کا نام نہ ہونے کی وجہ سے شائقین کے ساتھ ساتھ تجربہ کاروں نے بھی سلیکٹرز پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کا خیال تھا کہ ملک کی ٹیم میں موجودگی سے ٹیم مضبوط ہوگی۔

شاہد آفریدی نے شعیب کے بارے میں کہاکہ اس نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے اور ہر جگہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، وہ ہر فرنچائز کیلئے ٹاپ چوائس ہیں، وہ انتہائی فٹ بھی ہیں، اگر ملک ہوتے تو بابراعظم کو بہت سپورٹ مل جاتی‘ چاہے وہ ٹیم میں بنچ پر ہی کیوں نہ ہو۔ رواں سال جنوری میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے محمد حفیظ نے بھی شعیب ملک کے بارے میں بڑا انکشاف کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر بڑا الزام لگا دیا ہے۔ پروفیسر کے نام سے مشہور حفیظ نے انکشاف کیاہے کہ انہوں نے گزشتہ سال شعیب کو ریٹائر ہونے کیلئے کہا تھا لیکن وہ تیار نہیں تھے۔ محمد حفیظ نے کہاکہ میں نے شعیب ملک سے کہاکہ وہ میرے ساتھ ریٹائر ہوجائیں۔ کیونکہ میں نے محسوس کیاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں وہ عزت نہیں دے گا جو وہ چاہتے ہیں۔

2019 ورلڈکپ کے آخری میچ میں جب شعیب کو ڈراپ کیاگیا تو مجھے مایوسی ہوئی۔ وہ باعزت الوداع کے مستحق ہے۔ ایشیا کپ میں شکست کے بعد پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹوئٹر پر بابراعظم اور سلیکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایاکہ انہوں نے باصلاحیت کھلاڑیوں پر دوستوں کا انتخاب کیا۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھاکہ ہم دوستی، پسند اور ناپسند کے کلچر سے کب باہر آئیں گے۔ اللہ ہمیشہ ایمانداروں کی مدد کرتاہے۔ واضح رہے کہ شعیب ملک گزشتہ سال یو اے ای میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔حفیظ نے کہاکہ شعیب ملک کو فوری ریٹائرڈ ہوجانا چاہئے۔