شمالی بھارت

جلدی مرض کی وبا: یوگی نے مویشیوں کے میلوں پر پابندی لگا دی

چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے مویشیوں میں پھیلتی ہوئی جلدی مرض کی وبا کے سبب ریاست میں مویشیوں کے میلوں کو حالات معمول پر آنے تک ملتوی کرنے حکم جاری کیا۔

لکھنؤ: چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے مویشیوں میں پھیلتی ہوئی جلدی مرض کی وبا کے سبب ریاست میں مویشیوں کے میلوں کو حالات معمول پر آنے تک ملتوی کرنے حکم جاری کیا۔

اس مرض پر قابو پانے خصوصی ٹیکہ اندازی مہم بھی چلائی جائے گی۔ ذرائع نے بتایاکہ چیف منسٹر کیسوں پر قریبی نظر رکھیں گے اور ماضی قریب میں اس کے تعلق سے جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔

چیف منسٹر نے کل کہا تھا کہ چوں کہ دیگر ریاستوں میں کئی مویشی فوت ہوئے ہیں، اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اترپردیش میں مشن کے جذبے کے تحت کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ تا حکم ِ ثانی مویشیوں کا بین ریاستی حمل و نقل فوری روک دیا جائے۔

مویشیوں کی افزائش کرنے والوں کو وبا کی علامتوں اور علاج سے واقف کرایا جائے گا۔ گائیوں کے شیلٹروں میں عوام کا غیرضروری داخلہ فوری روک دیا جائے۔ انسدادی ٹیکوں کی دستیابی کا تیقن کرنے محکمہ افزائش مویشیان سے کہا گیا کہ وہ مرکز سے ربط میں رہے۔

چوں کہ یہ وبا مکھیوں اور مچھروں سے پھیلتی ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں مناسب صاف صفائی کا تیقن کرنے محکمہ جات شہری و دیہی ترقیات اور افزائش مویشیان مل جل کر کام کریں۔

کوئی متاثرہ جانور فوت ہونے پر طبّی اصولوں پر انہیں دفن کیا جائے۔ اڈیشنل چیف سکریٹری محکمہئ افزائش مویشیان راجیش دوبے نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں حیوانات کے علاج کے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں۔