کھیل

شاداب خان اور ثقلین مشتاق کی دختر کا نکاح

انہوں نے ایک بار پھر مداحوں سے درخواست کی کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کے انتخاب کا احترام کریں، پھر بھی اگر آپ سلامی بھیجنا چاہتے ہیں تو میں اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا۔’

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح کرلیا۔حال ہی میں قومی کرکٹ کے کھلاڑی حارث رؤف ، شان مسعود کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی شادی کرنے کا اعلان کیا۔

شاداب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ ان کا نکاح ہوگیا ہے اور وہ اپنے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔

کرکٹر نے مداحوں سے درخواست کی کہ ’میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کا احترام کریں، آپ سب کے لیے دعائیں اور ڈھیر سارا پیار‘۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں سیقی بھائی (ثقلین مشتاق) کی فیملی کا حصہ بن گیا ہوں، جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تب سے میں اپنی نجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہتا تھا، میرے اہل خانہ نے بھی اسی عمل کو ترجیح دی ہے، میری اہلیہ کی بھی یہی خواہش ہے، وہ چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی نجی ہی رہے۔

انہوں نے ایک بار پھر مداحوں سے درخواست کی کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کے انتخاب کا احترام کریں، پھر بھی اگر آپ سلامی بھیجنا چاہتے ہیں تو میں اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا۔’

شاداب خان کا نکاح کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے میزبان ایرن ہولینڈ، ٹینس کی معروف کھلاڑی اورکرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا، اداکار اسد صدیق، اشنا شاہ اور جنوبی افریقہ کے کرکٹر تبریز شمسی نے شاداب کو مبارک باد دی۔

دیگر کھلاڑیوں نے بھی شاداب خان کو شادی کے پیغامات بھیجے، امام الحق نے مزاحیہ انداز میں شاداب خان کی اہلیہ سے فکرمندی کا اظہار کیا اور شاداب خان کو اس نئے بندھن میں برداشت کرنے کی دعا کی۔

حسن علی نے شاداب خان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں خوش رہنے کی دعا کی۔حارث رؤف، خوشدل شاہ، آصف علی، محمد نواز نے بھی شاداب خان کو مبارکباد کے پیغام بھیجے۔

شاداب خان کی پی ایس ایل ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی مبارک باد پیش کی گئی اور کپتان سے پوری ٹیم کو کھانا کھلانے کا کہا گیا۔حارث رؤف، شان مسعود اور شاداب خان کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی 3 فروری کو شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔

آفریدی فیملی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ شاہین آفریدی اور انشا کی نکاح کی تقریب پاکستان سُپر لیگ کا سیزن شروع ہونے سے قبل 3 فروری کو کراچی میں ہوگی۔