کھیل

نیوزی لینڈ کرکٹ نے مارٹن گپٹل کو سنٹرل کنٹراکٹ سے ریلیز کردیا

ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے گپٹل حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن وہ ایک بھی میچ میں پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے تجربہ کار بلے باز مارٹن گپٹل کی درخواست قبول کو کرتے ہوئے انہیں سینٹرل کنٹریکٹ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ این زیڈ سی نےچہارشنبہ کو اس کی تصدیق کی۔

بورڈ کے مطابق 36 سالہ گپٹل نے خود کو معاہدے سے باہر کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ "کسی اور جگہ کھیلنے کے مواقع” سے فائدہ اٹھا سکیں۔

این زیڈ سی نے یہاں جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ "این زیڈ سی کے ساتھ مشاورت کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گپٹل کی معاہدے سے ریلیز کرنے کی درخواست کو فوری طور پر قبول کیا جائے۔ سینٹرل یا ڈومیسٹک کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں سلیکشن کے لیے ترجیح دی جائے گی۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے گپٹل حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن وہ ایک بھی میچ میں پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

 انہیں ہندوستان کے خلاف جاری ہوم سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔گپٹل اس سال نیوزی لینڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈہوم بھی ایسا کرچکے ہیں۔

تاہم گپٹل نے واضح کیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ نہیں لے رہے ہیں اور موقع ملنے پر قومی ٹیم کا حصہ بننا چاہیں گے۔

گپٹل نے کہاکہ "اپنے ملک کے لیے کھیلنا ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے اور میں بلیک کیپس اور این زیڈ سی کے اندر ان کی حمایت کے لیے ہر ایک کا شکر گزار ہوں۔ لیکن ساتھ ہی میں موجودہ حالات میں اپنے آپشنز پر غور کرنے کی ضرورت کو سمجھتا ہوں۔

 معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی میں نیوزی لینڈ کے لیے دستیاب ہوں۔ میرے پاس دوسرے مواقع تلاش کرنے کا موقع ہے اور مجھے اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے جو اہم ہے۔”