حیدرآباد

صفا بیت المال کے تحت مساجد میں مراکز کاقیام۔ مولانا غیاث احمد رشادی کا بیان

صفا بیت المال نے مقامی طور پر سروے کروانے کے بعد علاقہ کشن باغ میں ایک مثالی سنٹر قائم کیا اور مستحق غریب افراد کی امداد کا منصوبہ تیار کیا

حیدرآباد: صفا بیت المال نے مقامی طور پر سروے کروانے کے بعد علاقہ کشن باغ میں ایک مثالی سنٹر قائم کیا اور مستحق غریب افراد کی امداد کا منصوبہ تیار کیا اور اس علاقہ کا جامع سروے کیا گیا اور مستحق بے سہارا افراد کے لئے سفید استحقاق کارڈ جاری کیا گیا اور سارے علاقہ کشن باغ کا احاطہ کرتے ہوئے رفاہی خدمات انجام دینے کے لیے مسجد اشرف کریم مشک محل 9 نمبر کو مرکز بنایا گیا اور مساجد مراکز انسانیت کی ایک عملی تصویر قائم کی گئی۔

متعلقہ خبریں
صفا بیت المال اور رہبر فاونڈیشن کے اشتراک سے سلائی مشینوں اور ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم
رہبر فاؤنڈیشن اور صفا بیت المال کے اشتراک سے 100 ٹھیلہ بندیوں کی تقسیم

مسجد اشرف کریم کے متولی جناب عبد الکریم فہیم جن کے دل میں خدمت خلق کا مثالی جذبہ موجود ہے ان کی حمایت حاصل کی گئی اور انہیں صفا بیت المال کا مقامی نمائندہ بنایا گیا اور مسجد اشرف کریم کو مرکزیت کا درجہ دیتے ہوئے مقامی مستحق افراد کے سروے کیا گیا۔

یہ مسجد ایک مثالی مسجد ہے جہاں صفا بیت المال کی اکثر خدمات کو عملاًدیکھا جا سکتا ہے۔ برسوں کی محنت کے بعد آج مسجد اشرف کریم سے متصل تین منزلہ عمارت میں مندرجہ ذیل متعدد رفاہی خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ صفا بیت المال نے مسجد اشرف کریم کمیٹی سے اشتراک کرتے ہوئے یہ مثالی نظام قائم کیا ہے۔

مولانا غیاث احمد رشادی نے مساجد کے ذمہ داران سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اپنی مساجد کو مراکز عبادت کے ساتھ ساتھ مراکز انسانیت بنانے کی جانب توجہ دیں جس سے مقامی مسلمانوں کا فائدہ ہوگا۔

مولانا غیاث احمد رشادی نے واضح کیا کہ مسجد اشرف کریم کی طرح وادی مصطفی شاہین نگر میں بھی مسجد قبا کو مرکزیت کی شکل دی گئی ہے اور اس مسجد سے متصل عمارت راشد بلڈنگ میں مندرجہ ذیل خدمات کا آغاز کیا گیا ہے جو گزشتہ ایک سال سے وسیع پیمانہ پر چل رہے ہیں۔

اس یونٹ میں صفا بیت المال اور منبر و محراب فاونڈیشن کے اشتراک سے طالبات و خواتین کے لئے مرکز نسوان قائم ہے۔

چھوٹے بچوں کے لئے مکتب کا نظام ہے نیز کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ بھی قائم ہے جہاں نوجوان لڑکیوں کے لیے کمپیوٹر کورسس جاری ہیں نیز مہندی ڈیزائننگ اور ٹیلرنگ سنٹر بھی قائم ہے اور TOSS کی طالبات کے لیے کوچنگ کلاسس بھی چل رہے ہیں اور عورتوں کے لیے اصلاح معاشرہ کی ہفتہ واری مجالس کا انتظام بھی ہے۔