کھیل

پولارڈ، آئی پی ایل سے ریٹائرڈ، ممبئی انڈینس میں نبھائیں گے نیا رول

پولارڈ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ایم آئی کے بیٹنگ کوچ کا کردار قبول کرلیا ہے اور وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ایم آئی ایمریٹس کے لئے کھیلنا جاری رکھیں گے۔

ممبئی: ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے تجربہ کار آل راؤنڈر کیرن پولارڈ نے منگل کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فرنچائز میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور اگر وہ ایم آئی کے لئے نہیں کھیل سکتے تو ایم آئی کے خلاف بھی نہیں کھیلنا چاہتے۔

پولارڈ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ایم آئی کے بیٹنگ کوچ کا کردار قبول کرلیا ہے اور وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ایم آئی ایمریٹس کے لئے کھیلنا جاری رکھیں گے۔

آئی پی ایل کے 13 سیزن میں ایم آئی کی نمائندگی کرچکے پولارڈ نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی اور کامیاب ترین ٹیم کے لئے کھیل کرفخر محسوس کررہے ہیں۔ پولارڈ نے ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ مکیش امبانی، نیتا امبانی اور آکاش امبانی کی "محبت اور حمایت” کا شکریہ ادا کیا۔

پولارڈ ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں 100 سے زیادہ میچز کھیلے ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی فرنچائز سے رہا۔ پولارڈ کے علاوہ وراٹ کوہلی (رائل چیلنجرز بنگلور)، سنیل نارائن (کولکاتہ نائٹ رائیڈرز)، جسپریت بمراہ (ممبئی انڈینز) اور لاستھ ملنگا (ممبئی انڈینز) نے بھی اپنے آئی پی ایل کیریئر کے دوران صرف ایک ہی فرنچائز سے وابستہ رہے۔

ممبئی انڈینز کے ساتھ پانچ آئی پی ایل اور ایک چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے پولارڈ نے 171 میچ کھیل کر147.32 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3412 رنز بنائے، جبکہ ان کا بہتری اسکور 87 رن رہا۔

اس کے علاوہ انہوں نے 107 میچوں میں گیندبازی کرتے ہوئے 69 وکٹیں حاصل کیں اور 103 کیچ بھی پکڑے۔