سوشیل میڈیاشمالی بھارت

دلہن کے عاشق نے بم چھپا کر ہوم تھیٹر کا دیا تحفہ، دھماکہ میں دولہا ہلاک

دھماکہ میں دولہے کی برسرموقع موت ہوگئی۔ دولہے کو نشانہ بنانے کے لئے ہی ہوم تھیٹر میں بم چھپایا گیا تھا اور کچھ اس طرح انتظام کیا گیا تھا کہ جیسے ہی ہوم تھیٹر آن کیا جائے، وہ دھماکے سے پھٹ پڑے اور ہوا بھی یہی۔

رائے پور: ریاست چھتیس گڑھ میں ایک نوشہ اور اس کے بھائی کی اس وقت موت ہو گئی جب شادی کے تحفے کے طور پر ملنے والا ہوم تھیٹر میوزک سسٹم پلگ لگاتے ہی دھماکے سے پھٹ پڑا۔ اس دھماکے میں چار دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔

دھماکہ میں دولہے کی برسرموقع موت ہوگئی۔ دولہے کو نشانہ بنانے کے لئے ہی ہوم تھیٹر میں بم چھپایا گیا تھا اور کچھ اس طرح انتظام کیا گیا تھا کہ جیسے ہی ہوم تھیٹر آن کیا جائے، وہ دھماکے سے پھٹ پڑے اور ہوا بھی یہی۔

پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ہوم تھیٹر میں دھماکہ خیز مواد لگایا گیا تھا۔ دلہن کے سابقہ بوائے فرینڈ نے شادی میں یہ تحفہ دیا تھا۔

یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے کبیردھام ضلع میں پیش آیا۔ دھماکے کے نتیجے میں اس کمرے کی دیواریں اور چھت گر گئی جہاں ہوم تھیٹر رکھا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ جب دولہے نے جس کی شناخت 30 سالہ ہیمیندرا میراوی کے طور پر کی گئی ہے، ہوم تھیٹر کا پلگ الیکٹرک سوئچ میں لگایا اور اس کے بعد جیسے ہی ہوم تھیٹر سسٹم کو آن کیا تو ایک زبردست دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں دولہے ہیمیندرا کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ اس کا بھائی دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس تفتیش کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ دھماکہ اس لئے ہوا کیونکہ ہوم تھیٹر سسٹم کے اندر دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔

بعد میں جب پولیس نے شادی میں ملنے والے تحائف کی فہرست کی چھان بین شروع کی تو انہیں معلوم ہوا کہ میوزک سسٹم دلہن کے سابق عاشق کی طرف سے بطور تحفہ دیا گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کی شناخت سرجو مارکم کے نام سے کی جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کبیر دھام کی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منیشا ٹھاکر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے قبول کیا کہ وہ ہیمیندرا میراوی اور اس کی سابقہ گرل فرینڈ کی شادی پر ناراض تھا، اس لئے اس نے اسے ہوم تھیٹر سسٹم کے اندر نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعہ انہیں ہلاک کرنے کی سازش کی اور کامیاب ہوا۔

پولیس کے مطابق ہیمیندر میراوی کی شادی یکم اپریل کو ہوئی تھی۔ دولہے کے بھائی راجکماراور دیگر زخمیوں کو علاج کے لئے ضلع ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں راجکمار کی موت ہوگئی جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔

حالات کے پس منظر میں جائیں تو اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ دولہے کی اہلیہ یعنی دلہن، اپنے سابقہ عاشق سرجو مارکم کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھی۔ دونوں کا افیئر چل رہا تھا جبکہ سرجو کی شادی ہوچکی تھی۔ دونوں کی روزانہ بات چیت ہوتی تھی۔ تاہم سرجو مارکم اس وقت ناراض ہوگیا جبکہ دلہن کی شادی ہیمیندرا میروی کے ساتھ طے پاگئی۔

اس دوران دلہن نے سرجو سے بات چیت کرنی بند کردی۔ دولہے کی کال تفصیلات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سرجو اور دولہے کی 30 مارچ کو بات چیت ہوئی تھی۔ اسی دن شادی کی رسومات شروع ہوئی تھیں۔

تفتیش کی بنیاد پر پولیس بالاگھاٹ کے منڈائی علاقے میں ایک دکان پر پہنچی جہاں سے میوزک سسٹم جس پر سونی برانڈ کا نام چھپا ہوا تھا، خریدا گیا تھا اور دکان کے مالک سے پوچھ گچھ پر معلوم ہوا کہ سرجو مارکم نے اسے خریدا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے سرجو مارکم کو پکڑ لیا جو برسا (بالاگھاٹ) میں آٹو مکینک کے طور پر کام کرتا تھا۔ اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سرجو مارکم نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ اس نے بم بنانے کے لئے پٹاخوں سے حاصل کردہ بارود کے علاوہ امونیم نائٹریٹ اور پیٹرول کا استعمال کیا جس کا وزن تقریباً 2 کلوگرام تھا۔ دھماکہ کرنے کے لئے اس نے ہوم تھیٹر کے کرنٹ سپلائی سسٹم کا استعمال کیا۔

اس کے بعد سرجو مارکم شادی کے استقبالیہ کے دن یکم اپریل کو ایک موٹر سائیکل پر شادی کے مقام پہنچا اور ہوم تھیٹر کا تحفہ دیگر تحفوں کے درمیان رکھ کر وہاں سے فرار ہوگیا۔

سرجو کے تعلق سے مزید انکشاف ہوا ہے کہ اس نے اندور میں 2015-16 کے دوران پتھر کی کان میں کام کیا تھا جہاں اس نے امونیم نائٹریٹ کے ذریعہ بم بنانے کا طریقہ سیکھا تھا۔ ملزم نے امونیم نائٹریٹ بھی وہیں سے اکٹھا کیا تھا۔

سرجو مارکم نے بتایا کہ جب اس کی معشوقہ نے اس کے منع کرنے کے باوجود شادی کی تیاری کرلی اور مارکم سے بات کرنا بند کر دی تو اس نے جوڑے کو قتل کرنے کی سازش رچی۔ تاہم اس واقعہ میں دلہن تو بچ گئی لیکن دولہا ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ ابھی تک اس جرم میں کسی دوسرے شخص کا کردار سامنے نہیں آیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔