شمالی بھارت

پل سانحہ، موربی بلدیہ کا بے قصور ہونے کا ادّعا

برج کے انہدام جس کے نتیجہ میں 135 افراد ہلاک ہوئے تھے، پر وجہ نمائی نوٹس کا حکومت ِ گجرات کی جانب سے تازہ جواب طلب کیے جانے کے ایک دن بعد بلدیہ نے یہ قرارداد منظور کی ہے۔

موربی: موربی بلدیہ نے آج ایک قرارداد منظور کی اور کہا کہ شہر کی بلدیہ نے کبھی بھی سسپنشن برج (معلق پل) کو اوریوا گروپ کے حوالے کرنے کی منظوری نہیں دی تھی۔

متعلقہ خبریں
عمران خان کی رہائی کا مطالبہ، پاکستانی سینیٹ میں قرارداد جمع

برج کے انہدام جس کے نتیجہ میں 135 افراد ہلاک ہوئے تھے، پر وجہ نمائی نوٹس کا حکومت ِ گجرات کی جانب سے تازہ جواب طلب کیے جانے کے ایک دن بعد بلدیہ نے یہ قرارداد منظور کی ہے۔

 اس مسئلہ پر تبادلہئ خیال کے لیے آج منعقدہ جنرل بورڈ میٹنگ میں بی جے پی زیراقتدار بلدیہ کے 52 کے منجملہ 41 کونسلرس نے علیحدہ جوابات داخل کیے اور زور دے کر کہا کہ کونسلرس کی اکثریت اس معاہدہ سے واقف نہیں جس کے تحت یہ پل دیکھ بھال کے لیے بلدیہ نے اوریوا گروپ کے حوالے کیا تھا۔

 حکومت ِ گجرات نے منگل کے روز موربی بلدیہ سے کہا تھا کہ وہ وجہ نمائی نوٹس کا تازہ جواب داخل کرے کہ گزشتہ سال پل کے انہدام سے قبل اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہنے پر اسے کیوں نہ تحلیل کردیا جائے۔

اربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے صدر بلدیہ کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا تھا کہ شہر کی بلدیہ کو ایک تحریری جواب داخل کرنا چاہیے، جو اس کی جنرل باڈی کی جانب سے منظورہ ہو۔ وجہ نمائی نوٹس 18 جنوری کو جاری کی گئی تھی۔

ریاست نے بلدیہ کے وکیل کی جانب سے 7 فروری کو بھیجے گئے جواب کو قبول نہیں کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے دی گئی تازہ مہلت کے پیش نظر بلدیہ نے چہارشنبہ کے روز ہنگامی اجلاسِ عام طلب کیا تھا۔

موربی کے انچارج چیف آفیسر این کے موچھل نے بتایا کہ آج کی میٹنگ کے دوران دو مختلف جواب داخل کیے گئے ہیں، ایک جواب بلدیہ کی جانب سے اور ایک کونسلرس کی جانب سے۔ یہ جوابات مزید کارروائی کے لیے ریاستی حکومت کو بھیجے جائیں گے۔