کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ: ہند۔پاک ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی: شاستری

روی شاستری نے کہاکہ ٹیم انڈیا اس وقت اچھی فارم میں ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد وہ پراعتماد ہیں۔ پاکستان بھی حالیہ دنوں میں کئی میچ کھیل کر پراعتماد ہے۔

ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ہر چیز تیار ہے۔ یہ میگا ٹورنامنٹ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے جارہا ہے۔ ٹیم انڈیا پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ چکی ہے اور وارم اپ میچ کھیل رہی ہے۔ اس پس منظر میں ٹیم انڈیا کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے اس ٹورنامنٹ کو لے کر دلچسپ تبصرہ کیا۔

 ممبئی میں پریس کلب آف انڈیا کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی چار ٹیموں کے بارے میں اپنی پیشین گوئیوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان، پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ٹیم انڈیا اس وقت اچھی فارم میں ہے۔ حال ہی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد وہ پراعتماد ہیں۔ پاکستان بھی حالیہ دنوں میں کئی میچ کھیل کر پراعتماد ہے۔ انگلینڈ کی بات کی جائے تو اس ٹیم میں اچھے کھلاڑی ہیں۔

 آسٹریلیا کیلئے جو دفاعی چمپئن ہے، یہ حقیقت کہ ٹورنامنٹ اس کی اپنی سرزمین پر منعقد ہورہا ہے، ایک پلس پوائنٹ ہے۔ دوسری جانب روی شاستری نے پیش گوئی کی کہ سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان دونوں کو میچ ونر قرار دینے والے روی شاستری نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم ان دونوں کی فارم پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔