کھیل

ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ: سیمی فائنل میں رسائی کے لئے پاکستان کی امید برقرار

پاکستان نے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقہ کو 20 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا تھا جو بارش کے باعث 14 اوورز میں 142 رنز تک محدود ہو گیا۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز ہی بنا سکی۔

سڈنی: شاداب خان (52 رن، دو وکٹ) اور افتخار احمد (51) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت پاکستان نے جمعرات کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ سوپر12 میچ میں جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقہ کو 20 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا تھا جو بارش کے باعث 14 اوورز میں 142 رنز تک محدود ہو گیا۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی پانچ وکٹیں 95 رنز پر گرنے کے بعد شاداب اور افتخار نے 30 گیندوں پر 86 رنز کی دھماکہ خیز شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچا دیا تھا۔

افتخار نے 35 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے جبکہ شاداب نے 22 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیز ترین ففٹی اسکور کی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 66 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں جبکہ بارش نے ان کی مشکلات میں اضافہ کرنے کا کام کیا۔ بارش کے بعد جنوبی افریقہ کو 30 گیندوں پر 76 رنز درکار تھے اور پروٹیز مطلوبہ رن ریٹ کے دباؤ میں شکست سے دوچار ہوگئے۔

اس جیت نے سوپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ ہندوستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ (پانچ پوائنٹس) اور پاکستان (چار پوائنٹس) تیسرے نمبر پر ہے۔ کسی بھی ٹیم کو سیمی فائنل میں جگہ نہیں ملی اور سب کو گروپ مرحلے میں ایک ایک میچ کھیلنا ہے۔