کھیل

ہم خود پاکستان جانے کا فیصلہ نہیں لے سکتے : بنی

بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے چند روز قبل واضح کیا تھاکہ ہندوستانی ٹیم اگلے سال ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

نئی دہلی: بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے چند روز قبل واضح کیا تھاکہ ہندوستانی ٹیم اگلے سال ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور ٹورنامنٹ کو غیر جانبدار مقام پر کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ایشیا کپ کا 2023 کا سیزن 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر راجر بنی نے بھی ٹیم انڈیا کے ایشیا کپ کیلئے پاکستان کا دورہ نہ کرنے پر ردعمل ظاہر کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ بورڈ (بی سی سی آئی) خود پاکستان کا سفر کرنے کا فیصلہ نہیں لے سکتا۔ بنی نے کہاکہ ہم اس کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہماری ٹیم کو کہاں جانا ہے۔ اگر ہم ملک چھوڑتے ہیں یا دوسرے ممالک سے یہاں آتے ہیں تو ہمیں حکومت سے منظوری لینا پڑتی ہے۔

یہ فیصلہ ہم خود نہیں لے سکتے، ہمیں حکومت پر انحصار کرنا ہوگا۔ آخری بار دونوں ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز 2012-13 میں کھیلی گئی تھی جب پاکستان نے تین ونڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میاچس کیلئے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ ہندوستان نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2006 میں کیا تھا جب دونوں ٹیموں نے 3 ٹسٹ اور پانچ ونڈے کھیلے تھے۔ سیاسی تناؤ کی وجہ سے ٹیمیں صرف (ایشیا کپ) اور آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔

غور طلب ہے کہ اس سال ایشیا کپ 2022 میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو بار میچ ہوچکا ہے۔ ہندوستان نے ایک میچ جیتا ہے اور دوسرا میچ پاکستان نے جیتا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ 23 اکتوبر کو ایم سی جی میں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کے اکثر زخمی ہونے کے مسئلہ کو حل کرنا ان کی ترجیح ہے۔ بنی نے کہا کہ یہ درست نہیں ہے کہ جسپریت بمراہ ورلڈ کپ سے 10 دن پہلے زخمی ہو گئے ہیں۔