بین الاقوامی

مائیکرو سافٹ کے بعد گوگل میں بھی ہزاروں ملازمین کی کٹوتی

الفابیٹ، جس کے حصص کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا، اس کے باوجود اقتصادی بحران کے پیش نظر کمپنی، ملازمین کی تعداد میں کمی کے سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہے۔

نیویارک: گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ انکارپوریشن نے تقریباً 12,000 افراد کو ملازمت سے فارغ کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تعداد اس کی جملہ افرادی قوت کا 6 فیصد بتائی جاتی ہے۔ گوگل نے جمعہ کے روز یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
یو ٹیوب اور گوگل کو ہائی کورٹ کی نوٹس
اے آئی بی اے کا گوگل کے خلاف مودی کو مکتوب
گوگل، ببل ٹی کی مقبولیت کا جشن منا رہا ہے
گوگل پر 1337.76 کروڑ روپئے کا جرمانہ

واضح رہے کہ عالمی اقتصادی بحران کے گہرے ہونے سے قبل ہی اس کے آثار نظر آنے شروع ہوگئے ہیں اور کئی بڑی کمپنیاں بشمول امیزان اور فیس بک نے بھی ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا ہے اور اب سلیکان ویلی کو ایک پریشان کن منظر کا سامنا ہے۔

الفابیٹ، جس کے حصص کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا، اس کے باوجود اقتصادی بحران کے پیش نظر کمپنی، ملازمین کی تعداد میں کمی کے سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہے۔

گذشتہ کئی برسوں کے دوران الفابیٹ نے گوگل، یوٹیوب اور اربوں صارفین تک پہنچنے والے دیگر ایسے پروڈکٹس پیش کئے جن کی طرف اربوں لوگ راغب ہوئے لیکن اب مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشیل انٹلی جنس) کے شعبہ میں مائیکروسافٹ کارپوریشن کے ساتھ سخت مسابقت اور آنے والے اقتصادی بحران کے پیش نظر گوگل کو ہزاروں ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ مائیکروسافٹ نے بھی کچھ دن قبل ہی اپنے دس ہزار ملازمین کو کمپنی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے ایک مکتوب میں اپنے ملازمین کو بتایا کہ کمپنی نے پروڈکٹس، لوگ اور ان کی ترجیحات کا جائزہ لیا ہے، جس کے نتیجے میں ہر جغرافیائی سطح پر ٹیکنالوجی ملازمتوں میں کٹوتی کی جارہی ہے۔ کمپنی نے بہتر مستقبل کے لیے تیزی سے وسعت اختیار کی تھی تاہم اب ہمیں ایک مختلف معاشی و اقتصادی حقیقت کا سامنا ہے۔

سندر پچائی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ تبدیلیاں گوگلرز کی زندگیوں پر اثر انداز ہوں گی، مجھ پر بہت زیادہ بوجھ ہے اور میں ان فیصلوں کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں۔

الفابیٹ میں ملازمین کی کٹوتی، پوری کمپنی کی مختلف ٹیموں کو متاثر کرے گی جس میں کارپوریٹ فنکشنز کے ساتھ ساتھ انجینئرنگ اور مصنوعات (پروڈکٹس) کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

ملازمین کی یہ برطرفی عالمی سطح پر ہے اور سب سے پہلے امریکی ملازمین متاثر ہوں گے۔

سندر پچائی کے مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ الفابیٹ پہلے ہی امریکہ کے متاثرہ ملازمین کو ای میل کر چکا ہے جبکہ دیگر ممالک کے ملازمین کو نکالنے کے عمل میں مقامی قوانین اور طریقوں کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوسکتی ہے۔