ایشیاء

انصاف کا تقاضہ ہے کہ دنیا پاکستان کی مدد کرے: انٹونیو گٹریس

انٹونیو گٹریس نے کہا کہ اب تک اس کے نقصانات اور تباہ کاریوں کے حوالے سے سنجیدہ گفتگو نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

اسلام آباد: پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب زدہ علاقہ کا دورہ کرنے کے بعد اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاکہ ایثار، ہمدردی ہی نہیں انصاف کا تقاضہ ہے کہ دنیا پاکستان کی مدد کرے۔

سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے تباہ کن سیلاب کے حوالے سے کہا ہے کہ ‘ملک کو اس بحران سے نکلنے کے لیے بھاری مالی امداد کی ضرورت ہے، یہ ایثار کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے’۔آج وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ انٹونیو گٹریس سکھر پہنچے جہاں چیف منسٹر سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انٹونیو گٹریس نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے تفصیلات جاننا شدید باعث تکلیف ہے، جان و مال سمیت ہر چیز اس سیلاب کی نذر ہوگئی ہے لیکن یہ بریفنگ سننے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ ابھی امید نہیں کھوئی ہے۔

انٹونیو گٹریس نے کہا کہ عالمی دنیا کا اس صورتحال کے حوالے سے حقائق جاننا ضروری ہے، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج نے موسمیاتی تبدیلی کی رفتار کو بڑھایا، اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی دنیا کو ترقی پذیر ممالک کے حوالے سے 3 چیزیں سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی چیز یہ ہے کہ پاکستان کو اس بحران سے نکلنے کے لیے بھاری مالی امداد کی ضرورت ہے، یہ ایثار کا نہیں انصاف کا تقاضا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ دوسری چیز یہ ہے کہ ہمیں قدرت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کرنا ہوگی، سائنسی حلقوں کے مطابق ہمیں 2023 تک ان گیسوں کا اخراج 45 فیصد تک کم کرنا ہوگا، میں اس صدی کے اختتام یا 2050 کی بات نہیں کررہا بلکہ یہ ہمیں ابھی اسی وقت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم پہلے ہی ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جو موسمیاتی تبدیلی سے اس بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس لیے اس سے نمٹنے اور بحالی کے اقدامات کے لیے بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل میں دوبارہ اس صورتحال کا سامنا کرنے کے حوالے سے ان ممالک کے لیے گائیڈ لائنز بھی طے کرنا ہوں گی جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور پاکستان بھی ان میں شامل ہے، اس کے لیے بڑی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔

انٹونیو گٹریس نے کہا کہ اب تک اس کے نقصانات اور تباہ کاریوں کے حوالے سے سنجیدہ گفتگو نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہم اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، ہم اس حوالے سے آگاہی کو فروغ دیں گے اور ان ممالک سے تعاون کی اپیل کریں جو پاکستان کی امداد کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، عالمی برادری اس وقت پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئے کیونکہ پاکستان اس وقت دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو فرنٹ لائن میں ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ 2 روزہ دورے پر جمعرات کو پاکستان پہنچے تھے جہاں ان کے دورے کا مقصد سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ملک کی مدد کے لیے عالمی دنیا سے امداد کی اپیل اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔