ایشیاء

جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو گولی ماردی گئی

مقامی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم کو گولی لگنے کے بعد دل کا دورہ بھی پڑا۔ جب انہیں اسپتال لے جایا گیا تو ان کے جسم میں کوئی حرکت نہیں دیکھی گئی۔ اسپتال کے ڈاکٹر انہین بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

نارا (جاپان): سابق وزیراعظم جاپان شنزو آبے کو جو اپنے ملک کی ایک انتہائی طاقتور اور بااثر شخصیت ہوا کرتے تھے‘ انتخابی مہم کے دوران جمعہ کے دن مغربی جاپان میں گولی ماردی گئی۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ وہ جانبر نہ ہوسکے۔ 67 سالہ شنزو آبے نے نارا میں انتخابی تقریر شروع کی ہی تھی کہ انہیں پیچھے سے گولی ماردی گئی۔

انہیں ایمرجنسی علاج کے لئے ذریعہ ہیلی کاپٹر دواخانہ لے جایا گیا لیکن وہ سانس نہیں لے رہے تھے اور ان کی حرکت ِ قلب رک گئی تھی۔ انہیں کافی مقدار میں خون چڑھایا گیا۔ بعدازاں ان کی موت کا اعلان کردیا گیا۔ پولیس نے مشتبہ بندوق بردار کو مقام ِ حملہ سے گرفتار کرلیا۔

شنزو آبے کے قتل نے سارے ملک جاپان پر سکتہ طاری کردیا۔ جاپان دنیا کا ایک نہایت محفوظ ملک ہے اور یہاں گن کنٹرول کے قوانین دیگر ممالک سے بہت زیادہ سخت ہیں۔ وزیراعظم فومیوکشیدہ اور ان کے کابینی وزرا انتخابی مہم چھوڑکر عجلت میں ٹوکیو لوٹ آئے۔ وزیراعظم نے شنزو آبے کی ہلاکت کو بہیمانہ قراردیا۔

 نارا میڈیکل یونیورسٹی ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ فوکوشیما نے کہا کہ شنزو آبے کے دل کو بڑا نقصان پہنچا۔ ان کی گردن پر بھی 2 زخم آئے جس کی وجہ سے کافی خون بہہ گیا۔ دواخانہ میں انہیں بچانے کی کافی کوشش کی گئی جو کامیاب نہ ہوسکی۔

2020میں وزارت ِ عظمیٰ چھوڑنے سے قبل شنزو آبے طویل عرصہ تک اپنے ملک کے وزیراعظم تھے۔ اپوزیشن قائدین نے حملہ کی مذمت کی اور اسے جاپان کی جمہوریت کے لئے ایک چیلنج قراردیا۔ شنزو آبے 2006 میں 52 سال کی عمر میں وزیراعظم بنے تھے۔ وہ جاپان کے سب سے کم عمر وزیراعظم تھے۔ 2012 میں وہ دوبارہ وزیراعظم بنے تھے۔

 انہوں نے 6  الیکشن جیتے تھے۔ سرکاری ٹی وی این ایچ کے نے ایک ڈرامائی ویڈیو دکھایا جس میں شنزو آبے کو مغربی شہر نارا میں ایک ٹرین اسٹیشن کے باہر تقریر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ نیوی بلو سوٹ میں ملبوس تھے۔ وہ جس وقت اپنی بات پر زور دینے اپنی مٹھی بند کررہے تھے‘ گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی۔

 ویڈیو میں شنزوآبے کو نیچے گرتے اور سیکوریٹی گارڈس کو ان کی طرف دوڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کا ہاتھ ان کے سینہ پر تھا اور شرٹ خون میں لت پت ہوگیا۔ دوسرے ہی لمحہ سیکوریٹی گارڈس نے گرے شرٹ پہنے ایک شخص کو پکڑلیا۔

نیچے ایک دو نالی آلہ پڑا دیکھا جاسکتا ہے جو ہینڈمیڈ گن لگتا ہے۔ نارا پولیس نے قاتل کا نام 41 سالہ ٹیٹسویا یمگامی بتایا ہے۔ سرکاری ٹی وی این ایچ کے کے بموجب حملہ آور 2000 کے دہے میں 3 سال میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس میں کام کرچکا ہے۔