شمالی بھارت

ہریانہ: گروگرام میں مسجد کو آگ لگا دی گئی، نائب پیش امام کو ہلاک کردیا گیا

گروگرام میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا جس میں نائب پیش امام کے بشمول دو افراد کو گولی مار دی گئی۔ نائب پیش امام کی 19 سالہ مولانا حافظ سعد کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔

گروگرام: ہریانہ کے گروگرام میں تشدد پر آمادہ ایک ہجوم نے ایک مسجد پر حملہ کر کے اسے آگ لگادی اور مسجد کے نائب پیش امام کو ہلاک کرنے کے بعد کئی دیگر لوگوں کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کل آدھی رات کے وقت پیش آیا۔

متعلقہ خبریں
گروگرام میں مسلم مزدوروں کو تخلیہ کردینے کا انتباہ
نوح میں 28 اگست تک موبائل انٹرنیٹ سروس معطل
ہریانہ تشدد، دہلی کے کئی علاقوں میں وی ایچ پی کے احتجاجی مظاہرے
نوح تشدد، رکن اسمبلی ممن خان کی تحویل میں دودن کی توسیع
پھیپھڑے کی منتقلی کیلئے گروگرام میں 12 کلو میٹر کا گرین کاریڈور

سیکٹر 57 میں واقع مسجد انجمن جامع مسجد کو آگ لگائی گئی جس کے بعد فائر بریگیڈ کے ٹرکس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

https://twitter.com/ashoswai/status/1686280624179486720

مرکزی وزیر اور گروگرام کے رکن پارلیمنٹ راؤ اندرجیت سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ گروگرام میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا جس میں نائب پیش امام کے بشمول دو افراد کو گولی مار دی گئی۔ نائب پیش امام کی 19 سالہ مولانا حافظ سعد کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے وزیر مملکت برائے داخلہ سے بات کی جس کے بعد نیم فوجی دستوں کی بیس کمپنیاں بھیجی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ہریانہ کے نوح میں کل ایک ہندو مذہبی جلوس کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کا اثر گروگرام پر بھی پڑا ہے۔

مسجد کے حملہ اور اسے آگ لگانے کے معاملے میں پانچ لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے حوالے سے ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

اندر جیت سنگھ نے کہا کہ پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کرلی ہے اورمختلف جگہوں پر چھاپے مارے اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسی دوران مذہبی مقامات کے اردگرد سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ پولیس اور انتظامیہ دونوں کمیونٹیوں کے سرکردہ افراد کے ساتھ برقراری امن کو یقینی بنانے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔

دریں اثناء سوہنا، پٹودی اور مانیسر علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ہریانہ میں کل دو گروپوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دو ہوم گارڈز سمیت چار افراد ہلاک اور کم از کم 30 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ گروگرام سے متصل ہریانہ کے نوح میں ایک مذہبی جلوس کے دوران تصادم شروع ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ہوم گارڈز کو اس وقت گولی مار دی گئی جب ایک ہجوم نے نوح کے کھیڈلاموڈ میں مبینہ طور پر مذہبی جلوس کو روکنے کی کوشش کی، پتھراؤ کیا اور کاروں کو آگ لگا دی۔