ایشیاء

انڈیگو طیارہ کی کراچی میں لینڈنگ، مسافر نے دم توڑدیا

انڈیگو ایرلائن کی دہلی تا دوحہ (قطر) پرواز کا رخ اتوار کی رات کراچی ایرپورٹ کی طرف موڑدیا گیا کیونکہ دوران ِ پرواز ایک مسافر کی طبیعت بگڑگئی تھی۔

نئی دہلی/ کراچی: انڈیگو ایرلائن کی دہلی تا دوحہ (قطر) پرواز کا رخ اتوار کی رات کراچی ایرپورٹ کی طرف موڑدیا گیا کیونکہ دوران ِ پرواز ایک مسافر کی طبیعت بگڑگئی تھی۔

متعلقہ خبریں
شاہین آفریدی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے

کراچی میں لینڈنگ سے قبل اس نے دم توڑدیا۔ عبداللہ نامی 60 سالہ مسافر نائیجیریا کا شہری تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طیارہ A320-271N تقریباً 5 گھنٹے کراچی ایرپورٹ میں پارک رہنے کے بعد دہلی لوٹ آیا۔

کراچی میں حکام نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا اور ضابطہ کی کارروائی کی۔ انڈیگو ترجمان نے پیر کے دن بتایا کہ پرواز 6E-1736 (دہلی تا دوحہ) کا رخ میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے کراچی کی سمت موڑا گیا۔

کراچی میں شہری ہوابازی حکام نے بتایا کہ دوران ِ پرواز مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی تھی اور کپتان نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایرپورٹ میں ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ محکمہ صحت نے مسافر کے علاج کے لئے ڈاکٹرس طیارہ میں بھیجے لیکن مسافر انتقال کرگیا تھا۔

ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی اجرائی کے بعد طیارہ‘ دہلی لوٹ گیا۔ ملک کی سب سے بڑی ایرلائن انڈیگو کے ترجمان نے مسافر کی موت پر دکھ ظاہر کیا۔ طیارہ میں کتنے مسافر سوار تھے اس کا علم نہ ہوسکا۔