ایشیاء

پاکستانی سینیٹر اعظم سواتی پھر گرفتار

پاکستانی حکام نے اتوار کے دن عمران خان کی پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کے ایک سینیٹر کو سینئر فوجی عہدیداروں کے خلاف دھمکی آمیز زبان کے مبینہ استعمال پر گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد: پاکستانی حکام نے اتوار کے دن عمران خان کی پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کے ایک سینیٹر کو سینئر فوجی عہدیداروں کے خلاف دھمکی آمیز زبان کے مبینہ استعمال پر گرفتار کرلیا۔

اعظم سواتی کو فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی(ایف آئی اے) نے فوجی عہدیداروں کے خلاف ٹویٹس پر 2 ماہ سے بھی کم عرصہ میں دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے نے انہیں پچھلی مرتبہ اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے نے اسلام آباد سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمن کی شکایت پر انسدادِ الکٹرانک جرائم قانون ک2016 (پیکا) کے تحت ایف آئی آر درج کی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اعظم سواتی اور دیگر 3 ٹویٹر اکاؤنٹس نے ریاستی اداروں اور سینئر فوجی عہدیداروں بشمول جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف دھمکی آمیز ٹویٹس کیں۔

26 نومبر کو اعظم سواتی نے ٹویٹ کیا کہ وہ ایک سینئر فوجی عہدیدار کی مخالفت ہر فورم میں کریں گے۔ 19 نومبر کو ٹویٹر اکاؤنٹ @Azadi99 نے ٹویٹ شیئر کی تھی جس میں ملک کی تباہی کے لئے جنرلوں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا جس کا جواب اعظم سواتی نے تھینک یو کے ساتھ دیا تھا۔

14 نومبر کو @Wolf1Ak سے کہا گیا تھا کہ تبدیلی ادارہ سے بدعنوان جنرلوں کی گندگی صاف کرتے ہوئے شروع ہونی چاہئے۔ اس پر بھی اعظم سواتی نے تھینک یو کا جواب دیا۔ 24 نومبر کو @HaqeeqatTV_20 سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف ٹویٹ ہوئی تھی جس کا جواب سینیٹر اعظم سواتی نے سخت زبان میں دیا۔ اعظم سواتی کو اکتوبر میں جنرل باجوہ پر تنقید کرتی ٹویٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ایک ہفتہ بعد وہ ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ دوران ِ حراست انہیں بے لباس کرکے آئی ایس آئی کے سینئر عہدیدار میجر جنرل فیصل نصیر کی ایماء پر ٹارچر کیا گیا تھا۔

انہوں نے جنرل باجوہ اور سپریم کورٹ سے گزارش کی تھی کہ میجر جنرل فیصل نصیر کے خلاف کارروائی کی جائے تاہم رہائی کے چند دن بعد ان کی بیگم کو ایک نامعلوم contact سے ایک ویڈیو ملا تھا جس میں اعظم سواتی اور ان کی بیوی قابل اعتراض حالت میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ اعظم سواتی یہ تفصیلات بتاتے ہوئے پریس کانفرنس میں روپڑے تھے۔ ان کا غصہ کم نہیں ہوا اور تازہ ٹویٹس میں انہوں نے جنرل باجوہ اور جنرل نصیر کا نام لے کر انہیں گالیاں دیں جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔