ایشیاء

پاکستان میں سیلاب سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچے متاثر: یونیسیف

حال ہی میں پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دو دورہ کرنے والے یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال انتہائی سنگین ہے۔

اسلام آباد: بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق 1.6 کروڑ بچے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے کم و بیش 34 لاکھ بچوں کو زندگی بچانے کے لئے مدد کی فوری ضرورت ہے۔

حال ہی میں پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دو دورہ کرنے والے یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال انتہائی سنگین ہے، جہاں غذائی قلت کے شکار بچے اسہال، ڈینگو بخار، جلد کی بیماریوں اور دیگر تکلیف دہ بیماریوں کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب میں کم از کم 528 بچے جان گنوا چکے ہیں اور ان میں سے ہر ایک بچے کی موت ایسا سانحہ تھا جس سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ امداد میں اضافہ نہ ہونے کی صورت میں مزید کئی بچے اپنی جانیں گنوادیں گے۔

پاکستان کے اخبار ’ڈان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ جون سے اب تک سیلاب میں مزید 40 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1545 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جاپانی حکومت نے جمعہ کو 70 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ کناڈیائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 30 لاکھ کناڈیائی ڈالر کی امداد کا بھی وعدہ کیا ہے۔