ایشیاء

‘عمران خان پر حملہ اور ارشد شریف کے قتل کی سازش لندن میں ہوئی‘

پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کا ترجمان ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر حملہ اور صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازشیں لندن میں ہوئیں۔

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) کا ترجمان ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر حملہ اور صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازشیں لندن میں ہوئیں۔

ایک خانگی ٹی وی چیانل کے بموجب تسنیم حیدر شاہ نے جو خود کو گزشتہ 20 سال سے پاکستان مسلم لیگ نواز سے وابستہ بتاتا ہے‘ میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اس کی 3 ملاقاتیں پاکستان مسلم لیگ نواز سربراہ نواز شریف سے ان کے لڑکے حسن نواز کے دفتر میں ہوئیں۔

اس نے الزام عائد کیا کہ اسے صحافی اور سابق وزیراعظم کو ہلاک کرنے کے لئے بلایا گیا تھا۔ دی ایکسپریس ٹریبون نے یہ اطلاع دی۔ تسنیم حیدر شاہ کے بموجب پہلی ملاقات 8 جولائی‘ دوسری 20 ستمبر اور تیسری 29 اکتوبر کو ہوئی تھی۔ اس سے کہا گیا کہ ارشد شریف اور عمران خان کو نئے فوجی سربراہ کے تقرر سے قبل راستہ سے ہٹادینا ہے۔

اس نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے اس سے کہا تھا کہ اگر وہ شوٹر فراہم کرے تو پاکستان مسلم لیگ نواز‘ وزیرآباد میں اس کے لئے جگہ کا انتظام کرے گی۔ الزام حکومت ِ پنجاب پر جائے گا۔ تسنیم حیدر شاہ کے بقول اس نے اس سے انکار رکردیا۔

اس نے یہ بھی کہا کہ سازش کی جانکاری برطانوی پولیس کو دے دی گئی تاہم پاکستان مسلم لیگ نواز نے اس الزام کی پرزور تردید کی ہے۔ پارٹی ترجمان اور وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا کہ تسنیم حیدر شاہ کا پاکستان مسلم لیگ نواز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی زبردستی پارٹی کا ترجمان بننے کی کوشش نہ کرے۔