ایشیاء

پاکستانی چیف الیکشن کمشنر کو عمران خان کی دھمکی

عمران خان نے پیر کے دن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ کو نشانہ تنقید بنایا اور اعلان کیا کہ وہ نااہل قراردیتے ہوئے ان کی ساکھ خراب کرنے پر الیکشن کمیشن سربراہ پر 10 بلین روپیوں کا ہتک عزت مقدمہ کردیں گے۔

اسلام آباد: عمران خان نے پیر کے دن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ کو نشانہ تنقید بنایا اور اعلان کیا کہ وہ نااہل قراردیتے ہوئے ان کی ساکھ خراب کرنے پر الیکشن کمیشن سربراہ پر 10 بلین روپیوں کا ہتک عزت مقدمہ کردیں گے۔

برطرف وزیراعظم اپنے لانگ مارچ کے چوتھے دن اپنے حامیوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا مقصد اس مارچ کے ذریعہ حقیقی آزادی حاصل کرنا ہے جو اُن کے بقول اسی وقت ممکن ہے جب آزادانہ و منصفانہ الیکشن فوری کرایا جائے۔

70 سالہ عمران خان کو جاریہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی 5 رکنی کمیٹی نے جس کے سربراہ سکندر سلطان راجہ تھے‘ موجودہ قومی اسمبلی(پارلیمنٹ) کی رکنیت سے نااہل قراردیا تھا۔

عمران خان نے کامونکی میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ سکندر سلطان میں تمہیں عدالت میں کھینچوں گا تاکہ مستقبل میں تم کسی اور کی ہدایت پر کسی کی ساکھ خراب نہ کرسکو۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ توشہ خانہ معاملہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے موجودہ امپورٹیڈ حکومت کی ہدایت پر یہ فیصلہ کیا تھا۔

عمران خان نے طاقتور اسٹابلشمنٹ کو بھی نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ کسی بھی ملک کی اسٹابلشمنٹ کبھی بھی قوم کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی۔ آئی اے این ایس کے بموجب پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ چوتھے دن میں داخل ہوگیا‘ ایسے میں پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں آتے ”انقلاب“ کو دیکھنے کے بعد صرف سوال یہ رہ جاتا ہے کہ آیا یہ ”بیالٹ“ کے ذریعہ آئے گا یا بلڈ شیڈ(خون خرابہ) کے ذریعہ۔

انہوں نے ٹویٹر پر جی ٹی روڈ پر ”لوگوں کے سمندر“ کی تصاویر شیئر کیں۔ جیو نیوز نے یہ اطلاع دی۔ عمران خان نے کہا کہ میں 6 ماہ سے ملک میں انقلاب دیکھ رہا ہوں۔

سادھوکی میں لانگ مارچ شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسٹابلشمنٹ (فوج) نے چوروں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے وہ عوام کی تائید سے محروم ہوگئی ہے۔ کسی بھی ملک کی اسٹابلشمنٹ کو صرف قوم کے ساتھ کھڑا رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف‘ قوم کا مجرم ہے اور آصف علی زرداری‘ ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے۔