ایشیاء

عمران خان پر قاتلانہ حملہ ، مزید اہم گرفتاریاں

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے سے متعلق پولیس، سیکیورٹی اداروں اور فرانزک ٹیموں کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم نوید نے حملے کے لیے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔

لاہور: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے معاملے میں گرفتار ملزم نے مزید نام افشاں کردئیے۔

پولیس ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے جرم میں گرفتار ملزم نوید کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان وقاص اور فیصل بٹ نے ملزم نوید کو پستول فراہم کیا تھا، ملزمان وقاص اور فیصل بٹ کو وزیرآباد سے گرفتار کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے 20 ہزار روپے کے عوض ملزمان نوید کو پستول اور گولیاں فروخت کیں، پستول بغیر نمبر کے اور بغیر لائسنس کے تھا۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے سے متعلق پولیس، سیکیورٹی اداروں اور فرانزک ٹیموں کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم نوید نے حملے کے لیے نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا۔

 جائے وقوعہ سے گولیوں کے 11 خول ملے گیارہ میں سے 9 پستول اور 2 دیگر اسلحے کے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نوید پستول لے کر تیاری کے ساتھ آیا تھا، گرفتاری کے بعد اس کے قبضے سے 2 میگزین اور 20 گولیاں برآمد ہوئی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ گزشتہ شام حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے وزیر آباد پہنچے تھے۔جہاں نوید نامی ملزم نے ان پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت 13 افراد زخمی جب کہ ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔