ایشیاء

جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے کی آخری رسومات

جاپان کے مقتول سابق وزیراعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں ملکی تاریخ کے 55 برسوں میں پہلی مرتبہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔

ٹوکیو: جاپان کے مقتول سابق وزیراعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں ملکی تاریخ کے 55 برسوں میں پہلی مرتبہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔

غیرملکی خبرایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق شنزو آبے کی راکھ ان کی بیوہ کے حوالے کی گئی جس کے بعد راکھ(باقیات) ٹوکیو کے بڈوکان پنڈال میں رکھا گیا۔

سفید وردی میں ملبوس مسلح دستے قطار میں دارلحکومت ٹوکیو میں شنزہ آبے کی بیوہ کے گھر کے باہر کھڑے تھے اور ایک فوجی کے پاس مقتول کی باقیات بھی موجود تھیں۔سابق وزیراعظم کی باقیات جب بڈوکان پنڈال لائی گئی تو ہزاروں جاپانی شہری پھول چڑھانے اور دعا کے لیے قطار بنائے انتظار کر رہے تھے۔

قطار میں موجود 71 سالہ تورو ساتو نے غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے شنزو آبے کو صرف ٹی وی پر ہی دیکھا تھا، انہوں نے ملک کی بہت محنت کی، ان کی موت میرے لیے بہت دردناک تھی، مجھے اس بات کا بہت افسوس ہے‘۔

ٹوکیو کی شہری 63 سالہ گھریلو خاتون یوشیکو کوجیما نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں جانتی ہوں کہ اس تقریب میں کئی لوگ اختلاف رائے رکھتے ہیں اور بہت سے لوگ ان کے خلاف بھی ہیں لیکن اس کے باوجود کئی لوگ یہاں پھول چڑھانے کے لیے قطار میں کھڑے تھے‘۔