انٹرٹینمنٹ

جبری وصولی کیس: اداکارہ جیکولین فرنانڈیز کو سمن جاری

دہلی کی ایک عدالت نے چہارشنبہ کے روز اداکارہ جیکولین فرنانڈیز کو سمن جاری کئے اور 26 ستمبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔

نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے چہارشنبہ کے روز اداکارہ جیکولین فرنانڈیز کو سمن جاری کئے اور 26 ستمبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ انہیں ایک دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر سے متعلق مبینہ جبری وصولی کیس میں سمن جاری کئے گئے ہیں۔

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں جیکولین کو ملزم بنایا ہے جس کے بعد انہیں سمن جاری کئے گئے ہیں۔ ای ڈی کی دوسری ضمنی چارج شیٹ کا نوٹ لیتے ہوئے خصوصی جج پروین سنگھ نے اداکارہ کو 26 ستمبر کو پٹیالہ ہاوس کورٹ میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔

ای ڈی نے حال ہی میں جیکولین کے کئی فکسڈ ڈپازٹس قرق کرلئے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ ناجائز آمدنی ہے۔ ایجنسی نے اداکارہ کے خلاف اس معاملہ میں 17 اگست کو دوسری ضمنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے جیکولین کے 7.2کروڑ روپے مالیتی فکسڈ ڈپازٹس قرق کرلئے ہیں۔

فروری میں ای ڈی نے اپنی پہلی ضمنی استغاثہ شکایت پنکی ایرانی کے خلاف داخل کی تھی جو چندرشیکھر کی ایک مبینہ مددگار ہے اور جس نے اسے بالی ووڈ اداکارہ سے متعارف کرایا تھا۔ پنکی، چندرشیکھر سے رقم وصول کرنے کے بعد جیکولین کیلئے مہنگے تحفہ خریدتی اور انہیں اس کے گھر پہنچاتی تھی۔

گزشتہ سال دسمبر میں ای ڈی نے اس معاملہ میں اپنی پہلی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ چندرشیکھر نے ماڈلوں کیلئے تحائف خریدنے پر تقریبا 20 کروڑ روپے خرچ کئے تھے اور چند ماڈلوں و بالی ووڈ شخصیتوں نے یہ تحفے لینے سے انکار کردیا تھا۔ جیکولین اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ چندرشیکھر نے اسے کئی مہنگے تحائف دیئے ہیں۔