یوروپ

برطانیہ میں سرکاری ملازمین کی ہڑتال، فوج کو الرٹ کردیا گیا

تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے برطانیہ کے لاکھوں سرکاری ملازمین نے کام چھوڑ دیا۔اسکول بند ہوگئے اور ٹرینیں رک گئیں۔

لندن: تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے برطانیہ کے لاکھوں سرکاری ملازمین نے کام چھوڑ دیا۔اسکول بند ہوگئے اور ٹرینیں رک گئیں۔

متعلقہ خبریں
جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال

فوج کو الرٹ کردیا گیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں تنخواہوں اور مراعات کے لیے اساتذہ سمیت لاکھوں سرکاری ملازمین کا احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا ہے۔ 5 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کام چھوڑ کر اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے سڑکوں پر آگئے ہیں جس کے باعث سرکاری امور ٹھپ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی حکومت نے ہنگامی صورت ِ حال میں ذمہ داریاں نبھانے کے لیے فوج کو الرٹ کردیا ہے۔احتجاج میں اساتذہ‘ ایمبولنس‘ٹرین‘بس اور بارڈر فورس کے ملازمین سمیت 124 محکموں کے 5 لاکھ ملازمین نے حصہ لیا اور ملک بھر میں 75 سے زیادہ احتجاجی ریالیاں نکالی گئیں۔

برطانیہ بھر میں لاکھوں اساتذہ کے احتجاج پر ہونے کے باعث 85 فیصد اسکول اور 150 یونیورسٹیز جزوی یا مکمل طور پر بند ہوگئیں جب کہ ٹرین اور بس ڈرائیورس کے ہڑتال پر چلے جانے سے ٹرینوں اور بسوں کا پہیہ بھی جام ہوگیا ہے جس کے باعث برطانوی عوام کو آمدورفت میں مشکل صورت ِحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے سڑکوں پر نکلنے والے اساتذہ کا کہنا ہے کہ کم تنخواہوں کے باعث ہمارا گزر بسر مشکل ترین ہوگیا ہے اور ہم فوڈ بینک سے کھانا لینے پر مجبور ہیں اور اسی مجبوری کے باعث ہم لاکھوں سرکاری ملازمین اور ٹرین ڈرائیورس کے ساتھ ساتھ سراپا احتجاج ہیں۔