یوروپ

برطانوی وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاری

ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ فوری طور پر اس عہدے کو نہیں چھوڑتیں تو پھر پارٹی ضوابط میں ایسی تبدیلی کریں کہ فوری طور پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا جا سکے۔

لندن: برطانوی پارلیمان کے ارکان برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس کو نکالنے کے لیے ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کو نکالنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

 برطانوی پارلیمان کے ارکان نو منتخب وزیر اعظم لزٹرس کے خلاف اسی ہفتے فیصلہ کن قدم اٹھا سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد ارکان ان کے خلاف پارٹی کمیٹی کے ہیڈ گراہم بریڈی کے پاس عدم اعتماد کے لیٹرز جمع کروانے کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں یورپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں ووٹ دینے کے بعد سے برطانیہ میں 2016 سے اب تک تین وزیر اعظم وقت سے پہلے رخصت ہو چکے ہیں۔ ارکان پارلیمان پارٹی کیمٹی کے سربراہ پر زور دیں گے کہ وہ برطانوی وزیر اعظم کو بتائیں کہ ان کا وقت ختم ہو گیا ہے۔

ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ فوری طور پر اس عہدے کو نہیں چھوڑتیں تو پھر پارٹی ضوابط میں ایسی تبدیلی کریں کہ فوری طور پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا جا سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گراہم بریڈی نے ارکان کے اس اقدام کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے ارکان کو جواب میں کہا کہ لز ٹرس اور نو منتخب چانسلر کو حق حاصل ہے کہ وہ نئے بجٹ کے حوالے سے اپنی معاشی حکمت عملی کو ترتیب دیں۔

اس طرح دی ٹائمز کی رپورٹ میں بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ ارکان پارلیمان نے لزٹرس کو ہٹائے جانے کے معاملات پر مشاورت کی ہے۔لِز ٹرس جنہوں نے پچھلے ماہ ہی ٹیکسوں میں کمی کرنے کا وعدہ کر کے کنزرویٹیو پارٹی کی قیادت حاصل کی تھی، ان کو اب اپنی ہی سیاسی بقا کا مسئلہ درپیش ہو گیا ہے۔