شمالی بھارت

ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کیلئے عطیات کی وصولی

توقع ہے کہ اندرون ایک ماہ ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے مسجد اور دیگر عمارتوں کا نقشہ مل جائے گا۔ نقشہ ملتے ہی تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔ اطہرحسین نے کہا کہ ابتداء میں ایک دواخانہ تعمیر ہوگا اور اوپی ڈی شروع کیاجائے گا۔

لکھنو: ایودھیا کے دھنی پور گاؤں میں مسلمانوں کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملی 5ایکڑ اراضی پر مسجد کی تعمیر کیلئے عطیات جمع کرنے کا ایکشن پلان بن رہا ہے۔ مسجد کی تعمیر کیلئے بنی انڈواسلامک کلچرل فاؤنڈیشن(آئی آئی سی ایف) مسجد کے ساتھ ایک دواخانہ‘ لائبریری‘ لنگرخانہ اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ تعمیر کرے گی۔

 سکریٹری فاؤنڈیشن اطہرحسین پی ٹی آئی سے کہا کہ 5 رکنی ٹیم نے صدر ظفرفاروقی کی قیادت میں 12اگست کو فرخ آباد کا دورہ کیا اور مسجد کی تعمیر کیلئے پہلی مرتبہ عطیات کی اپیل کی۔ وہاں موجود لوگوں نے ایک کروڑ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا۔ تقریباً2.5لاکھ روپئے اسی وقت اکٹھا ہوئے۔

 توقع ہے کہ اندرون ایک ماہ ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے مسجد اور دیگر عمارتوں کا نقشہ مل جائے گا۔ نقشہ ملتے ہی تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔ اطہرحسین نے کہا کہ ابتداء میں ایک دواخانہ تعمیر ہوگا اور اوپی ڈی شروع کیاجائے گا۔

 12اگست کو فرخ آباد میں کئی بڑے تاجروں اور موظف عہدیداروں نے عطیات کی مہم چلائی۔ اسی طرح ممبئی اور گجرات‘مدھیہ پردیش اور بہار کے مختلف اضلاع سے لوگ فاؤنڈیشن ٹیم کو فون کررہے ہیں۔ ہم اب روٹ میاپ بنارہے ہیں تاکہ ان مقامات کا دورہ کیاجائے اور چندہ جمع کیاجائے۔

سکریٹری آئی آئی سی ایف نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے تعلق سے مسلمانوں کی رائے بڑی حد تک بدل گئی ہے۔ اب لوگ فاؤنڈیشن پر بھروسہ کرنے لگے ہیں۔ نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر فرقوں کے لوگ بھی فاؤنڈیشن پراعتماد کررہے ہیں۔ ابتداء میں غیرمسلموں نے فاؤنڈیشن کو بڑا ڈونیشن دیا لیکن اب مسلمان دلچسپی لینے لگے ہیں۔