یوروپ

برطانیہ کے پاسپورٹ کی فیس میں اضافہ

پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ حکومت برطانیہ کی جانب سے پاسپورٹ کے لئے نئی فیس مقرر کی جارہی ہے جس کے بعد برطانیہ کا پاسپورٹ فروری سے کہیں زیادہ مہنگا ہوجائے گا۔

لندن: پانچ برسوں میں پہلی مرتبہ حکومت برطانیہ کی جانب سے پاسپورٹ کے لئے نئی فیس مقرر کی جارہی ہے جس کے بعد برطانیہ کا پاسپورٹ فروری سے کہیں زیادہ مہنگا ہوجائے گا، یہ بات خبر رساں ژنہوا نے بتائی اور کہا کہ فروری 2023ء سے پاسپورٹ فیس کی درخواستیں وصول کی جائیں گی، جس کے بعد قیمتوں سے متعلق تبدیلیوں پر 2 / فروری سے عمل آوری ہوگی۔

نئے پاسپورٹ کے لئے جو افراد درخواست دیں گے یا پھر تجدید کے لئے درخواست پیش کی جائیں گی، اُن کے لئے اسٹانڈرڈ آن لائن درخواست کی فیس 75.50 پاؤنڈس سے اضافہ کرکے 82.50 پاؤنڈس کردیا جائے گا جب کہ بچوں کے لئے 49 پاؤنڈس سے اضافہ کرکے 53.50 پاؤنڈس کردی جائے گی۔ اِس طرح ماہ فروری سے برطانیہ کا پاسپورٹ انتہائی مہنگا ہوجائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پوسٹ کے ذریعہ دی جانے والی درخواستوں کی فیس میں 85 پاؤنڈس سے اضافہ کرکے 93 پاؤنڈس کردیا جائے گا جب کہ بچوں کے لئے 58.50 پاؤنڈس سے اضافہ کرکے 64 پاؤنڈس کردیا جارہا ہے۔ برطانیہ کے محکمہ داخلہ کے دفتر نے آج یہ بات بتائی اور کہا کہ اِس کا مقصد کوئی منافع کمانا نہیں ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹری جانچ پڑتال کے لئے اِس طرح کی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ نئی فیس سے دفتر خارجہ کو اپنے نظام میں بہتری کی راہ ہموار ہوگی۔ ذرائع نے جنرل ٹیکزیشن اور فنڈنگ سے متعلق اُمور کا بھی حوالہ دیا۔

دفتر نے مزید بتایا کہ فیس میں اضافہ کیا جانے سے پاسپورٹ سے متعلق درخواستوں کے عمل میں ہونے والے اخراجات کی پابجائی ہوگی۔ اِس سلسلہ میں ایسے پاسپورٹ جو کہ سرقہ کرلئے گئے ہیں یا پھر گم ہوگئے ہیں، اِس سے متعلق اُمور سے بھی نمٹا جائے گا۔

یہ بات وزارت داخلہ کے دفتر نے بتائی اور کہا کہ فیس میں اضافہ سے حکومت کو اپنی خدمات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اسٹانڈرڈ اپلیکیشنس سے متعلق کارروائی کے لئے 10 ہفتے درکار ہوں گے۔ اِس لئے کسٹمرس کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اِس سلسلہ میں اولین توجہ دیں تاکہ اُنہیں کوئی مسائل اور مشکلات نہ پیش آئیں۔