مشرق وسطیٰ

بھارتی وزیرخارجہ کی یو اے ای صدر سے ملاقات

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کو رواں سال کے اوائل میں دست خط شدہ آزاد تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے بھارت کے ساتھ بات چیت سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کا ایک خط موصول ہوا ہے۔

دبئی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کو رواں سال کے اوائل میں دست خط شدہ آزاد تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے بھارت کے ساتھ بات چیت سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کا ایک خط موصول ہوا ہے۔

امارات نیوزایجنسی (وام) کی رپورٹ کے مطابق یہ خط بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کے موقع پردیا ہے۔جے شنکر اور شیخ محمد نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ڈاکٹر جے شنکر نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے ملاقات کی جس میں جامع تزویراتی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے تحت بھارت اور یو اے ای کے مشترکہ کمیشنوں کے اجلاس اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بھارت کی وزارت خارجہ کی پریس ریلیز کے مطابق طرفین نے توانائی میں شراکت داری اور دو طرفہ سرمایہ کاری کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پربات چیت کی ہے۔

وزرات خارجہ نے”فنٹیک، ایڈوٹیک، ہیلتھ ٹیک، ایگری ٹیک، لاجسٹکس اور سپلائی چین جیسے مختلف شعبوں میں اسٹارٹ اپ اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ ”کسی بھی ملک میں فوری ادائی کے پلیٹ فارموں کو مربوط بنانے کے امکان پرغور کیا۔

بھارت میں یونائیٹڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) اس ضمن میں ایک مثال ہے۔ملاقات میں شیخ عبداللہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت اپنے تزویراتی تعلقات کے لیے ایک جدید اور پائیدار ماڈل بنانا چاہتے ہیں۔دونوں ممالک اپنے مشترکہ مفادات اور اپنے عوام کے مفادات کو آگے بڑھانا اورانھیں مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

بھارتی وزیرخارجہ نے ان سے گفتگو میں ”اپنی قیادت کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ترقی دینے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کی شراکت داری کے فریم ورک کے اندر کی گئی پیش رفت باعثِ فخر ہے اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مزید کامیابیوں کے حصول کا محرک ہے“۔