حیدرآبادسوشیل میڈیا

حضوراکرم ؐ کی شان اقدس میں گستاخی، راجہ سنگھ گرفتار

محسن انسانیت حضور اکرم ؐ کی شان اقدس میں تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے گستاخی کئے جانے کے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہرحیدرآباد میں کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی حصوں میں بڑے پیمانہ پراحتجاج کئے گئے۔

حیدرآباد:محسن انسانیت حضور اکرم ؐ کی شان اقدس میں تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے گستاخی کئے جانے کے ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہرحیدرآباد میں کمشنر پولیس حیدرآباد کے دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی حصوں میں بڑے پیمانہ پراحتجاج کئے گئے۔

احتجاجیوں نے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اس ویڈیو کے بعد دبیرپورہ پولیس نے زعفرانی جماعت کے رکن اسمبلی کے خلاف معاملہ درج کرلیا۔اس احتجاج پر پولیس نے کئی مظاہرین کو منگل کو گرفتار کرلیا۔دفتر کمشنر پولیس حیدرآباد، ڈی جی پی دفتر،پراناشہر حیدرآباد میں قدیم کمشنرپولیس دفتر کے ساتھ ساتھ شہر کے کئی اہم مقامات پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کردیاگیا کیونکہ کئی مقامات پر راجہ سنگھ کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

اسی دوران پولیس نے راجہ سنگھ پر امکانی حملہ کے خوف سے منگل ہاٹ اور دھول پیٹ علاقوں میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا کیونکہ سوشیل میڈیا پر چلو گوشہ محل احتجاج کی اپیل کی گئی تھی۔چندرائن گٹہ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بھی پولیس کا بھاری بندوبست دیکھاگیا۔

ریاپڈ ایکشن فورس کے ساتھ ساتھ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس کے مختلف شعبہ جات، گرے ہاونڈس اور پڑوسی اضلاع کی پولیس کو بھی حیدرآباد میں تعینات کردیاگیا۔پولیس کے پکٹس کو شہر کے حساس مقامات اورپرانا شہر میں تعینات کیاگیا۔پولیس کے سینئر عہدیدار راجہ سنگھ کی سیکوریٹی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں

راجہ سنگھ فی الحال دو بلٹ پروف گاڑیوں، دو گن مین کی سیکوریٹی رکھتے ہیں۔پولیس کے سینئر عہدیداروں نے صبح میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست کی مکمل پولیس مشنری کو چوکس کردیا۔پیشرو اضلاع عادل آباد، کریم نگر، نظام آباد، وقارآباد، محبوب نگرمیں غیر سرکاری ہائی الرٹ کا اعلان کردیاگیا ہے۔

سوشیل میڈیا کی اطلاعات کے مطابق راجہ سنگھ کے خلاف شہر میں مختلف پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں احتجاج کاامکان ہے۔مجلس کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ دبیر پورہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے راجہ سنگھ کے خلاف شکایت درج کروائی۔

راجہ سنگھ کے خلاف حیدرآباد پولیس کمشنریٹ پر احتجاج کرنے پر کئی افراد کو گرفتارکیاگیا ہے۔تلنگانہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں راجہ سنگھ کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے شکایات کا سلسلہ جاری ہے۔

بعد ازاں اطلاعات کے مطابق بی جے پی رکن اسمبلی گستاخ راجہ سنگھ کو پولیس نے گرفتار کرلیا- راجہ سنگھ کے گستاخانہ کلمات کے مسلسل احتجاج کیا جارہا تھا-