مشرق وسطیٰ

سعودی عرب میں نجی گاڑیوں کی حوالگی کی اجازت کے شرائط جاری

سعودی محکمہ ٹریفک نے پرائیوٹ گاڑیوں کی مالک کے علاوہ کسی دوسرے شخص کو حوالگی کی اجازت کے لیے ضروری شرائط طے کر رکھی ہیں۔

ریاض: سعودی محکمہ ٹریفک نے پرائیوٹ گاڑیوں کی مالک کے علاوہ کسی دوسرے شخص کو حوالگی کی اجازت کے لیے ضروری شرائط طے کر رکھی ہیں۔

محکمہ ٹریفک کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کسی نے‘اپنے عزیز کو گاڑی استعمال کرنے اور مملکت سے باہر سفر’کی اجازت دینے سے متعلق سوال کیا۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے سعودی شہریوں اور مقیم افراد کی گاڑیوں سے متعلق مندرجہ ذیل ہدایات جاری کیں:پرائیویٹ گاڑیوں کے لیے اجازت نامہ وزارت داخلہ کے پورٹل سے آن لائن جاری کیا جائے گا۔

جب کہ ٹیکسیوں، بسوں اور عوامی خدمات فراہم کرنے والی گاڑیوں کے اجازت نامے شعبہ ٹریفک ہی جاری کرے گا۔اجازت نامے کے حصول کے لیے لازم ہے کہ متعلقہ گاڑی کا لائسنس اور اس کی انشورنس بھی کروائی گئی ہو۔

گاڑی کے مالک اور جس شخص کے حوالے کی جا رہی ہے، وہ دونوں افراد ٹریفک کی خلاف ورزی کے مرتکب نہ رہے ہوں۔

جس شخص کو گاڑی دی جا رہی ہے اس کے پاس پرائیوٹ گاڑی چلانے کا لائسنس موجود ہو۔ گاڑی کی دوسرے شخص کو حوالگی کی مدت چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی اور یہ اجازت نامہ بغیر کسی فیس کے جاری کیا جائے گا۔