مشرق وسطیٰ

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے مغربی کنارے 3 فلسطینی جاں بحق

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں بدامنی اور دائیں بازو کے اسرائیلی سیاست دانوں کے حساس مذہبی مقام پر جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان سمیت دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

نابلس: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں بدامنی اور دائیں بازو کے اسرائیلی سیاست دانوں کے حساس مذہبی مقام پر جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان سمیت دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

فلسطین کے وزارت صحت نے کہا ہے کہ شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس میں قابض اسرائیلی فورسز کے حملوں کے دوران گولی لگنے سے 15 سالہ مہدی محمد حشش جاں بحق ہوگیا۔

اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ‘وہ مقبرہ یوسف میں عبادت گزاروں کے داخلی راستے میں لوگوں کی حفاظت کے لیے وہاں موجود تھے ’، اس حساس مقام پر جھڑپیں اور تشدد عام ہے۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع پر گولیوں کی آوازیں سنی جس کے بعد اسرائیلی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بم نصب کرنے والے دہشت گرد پر گولیاں چلائی تھی، اسرائیل فورسز نے 15 سالہ مہدی محمد حشش کا براہ راست نام لیے بغیر کہا کہ‘ہم نے اس دہشت گرد کو گولیوں سے ہلاک کردیا’۔فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

فلسطینی صدر محمود عباس کی سیکیولر فاتح تحریک کے ایک ونگ الاقصیٰ شہداء بریگیڈز نے بیان جاری کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مہدی محمد حشش ان کا ساتھی ہے۔بعد ازاں 9 نومبرکو اہل خانہ اور دوستوں نے مہدی محمد حشش کو سپرد خاک کردیا۔