کھیل

فی الحال ہند۔پاک ٹسٹ سیریز ممکن نہیں:بی سی سی آئی

بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایاکہ مستقبل میں یا کسی بھی ملک میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹسٹ سیریز کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اگر کوئی ایسی خواہش رکھتاہے تو اسے اپنے پاس رکھیں۔

نئی دہلی: بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے انکشاف کیاہے کہ بورڈ نے ملبورن میں ہند۔پاکستان کرکٹ میچ کے انعقاد کو مسترد کردیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایاکہ مستقبل میں یا کسی بھی ملک میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹسٹ سیریز کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے، اگر کوئی ایسی خواہش رکھتاہے تو اسے اپنے پاس رکھیں۔

 واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا بورڈ نے ٹسٹ میچ کے انعقاد میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ملبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے چیف ایگزیکٹو اسٹورٹ فاکس کی جانب سے کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) سے ملبورن میں ٹسٹ کی میزبانی کے بارے میں استفسار کے بعد یہ رپورٹ کرکٹ آسٹریلیا کو بھیجی گئی۔

 ایم سی جی کے چیف ایگزیکٹو اسٹوارٹ فاکس نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن یہ بات کہی تھی۔ اس دوران انہوں کہاکہ کلب اور وکٹورین حکومت نے ہندوستان اور پاکستان ٹسٹ کی میزبانی کے بارے میں سی اے سے استفسار کیا تھا۔

 واضح رہے کہ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹسٹ میچ کھیلے کافی عرصہ ہوگیا ہے۔ دونوں ممالک نے 2007 سے ٹسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔

 اکتوبر میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے میچ کی کامیابی کے بعد ملبورن کرکٹ کلب اور وکٹورین حکومت نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ٹسٹ میچ کی سیریز کی میزبانی کے بارے میں کرکٹ آسٹریلیا سے غیر رسمی استفسار کیاہے۔