مشرق وسطیٰ

اسرائیلی وزیراعظم نے 2 مملکتی حل کی تائید کردی

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم ایرلاپڈ نے اسرائیل۔ فلسطین جھگڑا ختم کرنے 2 مملکتی حل کی تائید کی۔

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم ایرلاپڈ نے اسرائیل۔ فلسطین جھگڑا ختم کرنے 2 مملکتی حل کی تائید کی۔

انہوں نے جمعرات کے دن کہا کہ اسرائیل کے ساتھ مملکت فلسطین کا قیام کئی سال سے جاری خون خرابہ کا صحیح حل ہوگا۔ پہلی مرتبہ کسی اسرائیلی قائد نے 2 مملکتی حل کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ 2مملکتی حل اسرائیل کی سلامتی‘ اسرائیل کی معیشت اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے لئے درست ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر اسرائیل کے مین ٹی وی چیانلس پر دکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری صرف ایک شرط ہے کہ مستقبل کی مملکت فلسطین پرامن ہونی چاہئے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ اس پہل کی صرف اسی وقت تائید کریں گے جب مملکت فلسطین دہشت گردی کا ایک اور اڈہ نہ بنے۔

انہوں نے دیگر ممالک سے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کی تقلید کریں جو 2020میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر آمادہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن چاہتا ہے۔ ہمارا ہر مسلم ملک سے (سعودی عرب تا انڈونیشیا) کہنا ہے کہ اس ات کو مان لیں اور ہم سے بات چیت کرنے آئیں۔

امن کے لئے ہمارا ہاتھ دراز ہے۔ مغربی کنارہ اور غزہ پٹی سے جہاں فلسطینی اپنی مستقبل کی مملکت قائم کرنا چاہتے ہیں‘ اسرائیل کا پیچھے ہٹنا اسرائیل میں کافی پیچیدہ مسئلہ ہے۔ اسرائیل کا ان علاقوں پر ابھی بھی کنٹرول ہے۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن بات چیت کا پچھلا دور 2014 میں ہوا تھا۔