دیگر ممالک

سری لنکا میں 8 ہندوستانی ماہی گیر گرفتار

ٹاملناڈو کے ماہی پروری کے محکمہ کے حکام نے بتایا کہ پڈوکوٹائی ضلع کے جیگاتھاپٹنم ساحلی گاؤں کے ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحریہ نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ آئی ایم بی ایل کے قریب گہرے سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔

پڈوکوٹائی (ٹاملناڈو): سری لنکائی بحریہ نے پیر کی رات دیر گئے آٹھ ہندوستانی ماہی گیروں کو بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا اور ان کی ماہی گیری کی کشتیوں کو ضبط کرلیا۔ ٹاملناڈو کے ماہی پروری محکمہ کے افسران نے منگل کو یہ اطلاع دی۔

ٹاملناڈو کے ماہی پروری کے محکمے کے حکام نے بتایا کہ پڈوکوٹائی ضلع کے جیگاتھاپٹنم ساحلی گاؤں کے ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحریہ نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ آئی ایم بی ایل کے قریب گہرے سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔

سری لنکائی بحریہ نے ایک سرکاری ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پانیوں میں غیر قانونی طور پر ہندوستانی ماہی گیری کی کشتیوں کو نکالنے کے لیے ایک خصوصی آپریشن شروع کیا ہے۔ آپریشن کے دوران آٹھ ہندوستانی ماہی گیروں سمیت ایک ہندوستانی ٹرالر کو قبضے میں لے لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ماہی گیروں اور ضبط شدہ ٹرالروں کو کنکیسنتھورائی لایا گیا اور قانونی کارروائی کے لیے انسپکٹر آف فشریز کے حوالے کیا گیا۔ ریلیز کے مطابق سری لنکائی بحریہ نے اس سال اب تک 189 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور 25 ہندوستانی کشتیاں ضبط کی ہیں۔

دریں اثنا، رامیشورم کے ماہی گیروں نے منگل کی صبح دعویٰ کیا کہ سری لنکائی بحریہ نے پیر کی رات کچاتھیوو جزیرے کے قریب ماہی گیری کے دوران ان پر حملہ کیا تھا اور ان کا پیچھا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکائی بحریہ نے بندوق کی نوک پر ٹرالروں کا پیچھا کیا اور ماہی گیری کے جال کو تباہ کر دیا تھا۔