بین الاقوامی

لشکر طیبہ لیڈر عبدالرحمن مکی عالمی دہشت گرد قرار

پاکستان کے شہر بہاولپور میں پیدا ہونے والے عبدالرحمن مکی پر کالعدم لشکر طیبہ کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے، سازش کرنے، پرتشدد حملے کرنے اور حملوں میں حصہ لینے کے الزامات کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک اہم فیصلہ میں پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ کے نمبر  2 لیڈر عبدالرحمن مکی کو عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی لگا دی جسے ہندوستان میں 7 بڑے دہشت گردانہ حملوں کی سازش میں شامل ملزم مانا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں
پاکستانی علماء، ہماری رہنمائی کریں : مفتی نورولی محسود
اسرائیل جان بوجھ کر فلسطینیوں کو بھوکا مارنا چاہتا ہے: اقوام متحدہ
افغانستان میں خواتین اپنے حقوق سے محروم:انٹونیو گٹریس
اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں انسانی صورت والے روبوٹس کی شرکت

داعش اور القاعدہ سے منسلک افراد، گروپوں اور اداروں سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں 1267 (1999)، 1989 (2011)، 2253 (2015) اور 2368 (2017) کی شق 2 اور 4 کے تحت عبدالرحمن مکی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

پاکستان کے شہر بہاولپور میں پیدا ہونے والے عبدالرحمن مکی پر کالعدم لشکر طیبہ کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے، سازش کرنے، پرتشدد حملے کرنے اور حملوں میں حصہ لینے کے الزامات کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے۔

عبدالرحمن مکی کو 2000 میں لال قلعہ پر حملہ، جنوری 2008 میں رام پور میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے کیمپ پر حملہ، نومبر 2008 میں ممبئی دہشت گرد انہ حملہ، فروری 2018 میں سری نگر کے کرن نگر میں فدائین حملہ اسی سال مئی میں ہونے بارہمولہ کے خان پورہ میں حملہ، سری نگر میں اخبار رائزنگ کشمیر کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری کی ہلاکت اور ایل او سی میں دراندازی کی کوشش کے دوران کے آرمی کے ساتھ تصادم میں ایک میجر سمیت 5 فوجیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

ہندوستان کی طرف سے خیرمقدم

نئی دہلی: ہندوستان نے منگل کے دن پاکستان میں مقیم لشکر طیبہ قائد عبدالرحمن مکی کو عالمی دہشت گرد قراردینے کے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔

 وزارت ِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ہم اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی آئی ایس آئی ایل اور القاعدہ تحدیدات کمیٹی کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں جس نے لشکر طیبہ کے دہشت گرد عبدالرحمن مکی کو لسٹ کیا ہے جو لشکر طیبہ قائد حافظ سعید کا برادر نسبتی ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ خطہ میں دہشت گردی کے خطرات ہنوز بڑھے ہوئے ہیں اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تحدیدات اس سے نمٹنے کا موثر آلہ کار ہیں۔ ہندوستان‘ بین الاقوامی برادری پر زور دیتا رہے گا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرتی رہے۔

 ترجمان نے بتایا کہ لشکر طیبہ میں عبدالرحمن مکی کا مختلف حیثیتوں میں قائدانہ رول رہا ہے۔ پاکستان کے قریبی دوست چین نے 7 ماہ قبل ہندوستان اور امریکہ کی کوششوں کو ناکام کیا تھا۔