حیدرآباد

شولا پور سے منگوائی گئی ہتھنی ’مادھوری‘ پر علم کا جلوس نکالا گیا

حضرت سیدنا امام حسین ؓ کی شہادت کے ضمن میں شہر حیدرآباد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ حضرت امام حسینؓ بن علی ؓ کی عظیم شہادت کی یاد میں پرانا شہر میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا گیا۔

حیدرآباد: حضرت سیدنا امام حسین ؓ کی شہادت کے ضمن میں شہر حیدرآباد میں یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ حضرت امام حسینؓ بن علی ؓ کی عظیم شہادت کی یاد میں پرانا شہر میں تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکالا گیا۔

شولا پور سے منگوائی گئی ہتھنی مادھوری پر علم کا جلوس نکالا گیا۔ بی بی کا الاوہ دبیر پورہ سے ماتمی جلوس کا آغاز ہوا جو بنگلہ بینی، کمان شیخ فیض، اعتبار چوک، کوٹلہ عالی جاہ، چوک میدان خان، چارمینار، چارکمان، گلزار حوض، قدم رسوم پنجہ شاہ پہنچا جہاں مجلس برپا ہوئی۔

مجلس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے ہزاروں سوگواروں نے شرکت کرتے ہوئے ماتم کیا۔ جلوس میں شامل ہزاروں کی تعداد میں شریک شیعہ انجمنوں کے کارکنان کو نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعدازاں یہ جلوس اعتبار چوک، منڈی میر عالم، پرانی حویلی پہنچا جہاں نظام ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے علم کو ڈھٹی پیش کی۔

وہاں سے جلوس دوبارہ اپنی منزل کی طرف براہ الاوہ سرطوق سے ہوتا ہوا دارالشفاء پولیس اسٹیشن پہنچا۔ وہاں پر بھی عوام کی بڑی تعداد نے ڈھٹی پیش کی۔ جہاں سے جلوس قدیم دفتر کمشنر مجلس بلدیہ، سے ہوتا ہوا، اعزاء خانہ زہرہ دارالشفاء پہنچا جہاں خانوادہ آصفیہ کے ارکان نے بی بی کے علم پر ڈھٹی چڑھائی بعدازاں جلوس براہ کالی قبر سے ہوتا ہوا مسجد الٰہی چادر گھاٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں سوگواروں نے شرکت کی۔ جلوس کے آگے پولیس کا گھڑسوار دستہ چل رہا تھا۔ محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار، جلوس کے پرامن انعقاد کیلئے مصروف دیکھے گئے۔

جلوس کے گذر نے والے راستہ پر جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جی ایچ ایم سی اور محکمہ صحت کے علاوہ خانگی دواخانوں کے عملہ نے زخمی سوگواروں کی مرہم پٹی کرتے ہوئے ابتدائی طبی امداد پہنچائی۔

بحیثیت مجموعی جلوس کا پرامن اختتام عمل میں لایا۔ چارمینار کے پاس کمشنر پولیس، پرانی حویلی کے پاس ریاستی وزراء محمد محمود علی، کوپلہ ایشور، اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن طارق انصاری، صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان، صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق، سابق رکن پارلیمنٹ سکندرآباد انجن کمار یادو و دیگر نے ڈھٹی چڑھائی۔