دہلی

کجریوال کے بعد کانگریس قیادت سے ملاقات

چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے نئی دہلی میں پیر کے دن کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی سے ٹکر لینے اپوزیشن اتحاد کی کوششوں کے بیچ گزشتہ دیڑھ ماہ میں ایسی یہ دوسری ملاقات ہے۔

نئی دہلی: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے نئی دہلی میں پیر کے دن کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی سے ٹکر لینے اپوزیشن اتحاد کی کوششوں کے بیچ گزشتہ دیڑھ ماہ میں ایسی یہ دوسری ملاقات ہے۔

متعلقہ خبریں
منیش سسوڈیہ کو تہاڑ جیل سے ایل این جے پی لے جایاگیا
ای ڈی کی تحویل میں عاپ سربراہ کی حفاظت و سلامتی کے بارے میں پارٹی فکر مند:آتشی
میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں: لالو پرساد یادو
جمہوریت کے دفاع میں متحدہونے کاوقت آچکاہے:اپوزیشن
اروندکجریوال کی گرفتاری کے خلاف کئی ریاستوں میں احتجاج

نتیش کمار نے کانگریس صدر کے بنگلہ 10 راجہ جی مارگ پہنچ کر ملیکارجن کھرگے اور راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں اپوزیشن اتحاد کو مستحکم کرنے کے روڈمیاپ اور پٹنہ میں اپوزیشن قائدین کی ممکنہ میٹنگ پر تبادلہ خیال ہوا۔

کانگریس جنرل سکریٹری تنظیمی امور کے سی وینوگوپال اور جنتادل یو کے ریاستی صدر للن سنگھ بھی موجود تھے۔ ایک دن قبل نتیش کمار نے اپنے دہلی کے ہم منصب اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی۔ یہ ملاقات بھی بی جے پی سے ٹکر لینے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لئے ہوئی تھی۔

جنتادل یو قائد نے عام آدمی پارٹی کنوینر سے نئی دہلی میں ان کے بنگلہ میں ملاقات کی تھی اور اڈمنسٹریٹیو سرویسس کے کنٹرول پر مرکز کے ساتھ حکومت ِ دہلی کی جاریہ رسہ کشی میں مکمل تائید کا تیقن دیا تھا۔

غور طلب ہے کہ ہفتہ کے دن بنگلورو میں چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کی حلف برداری میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار‘ آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو‘ چیف منسٹر جھارکھنڈ ہیمنت سورین‘ این سی پی صدر شردپوار‘ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن‘ نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ اور پی ڈی پی قائد محبوبہ مفتی نے شرکت کی تھی۔

یہ تقریب اپوزیشن کی طاقت کا مظاہرہ بن گئی تھی۔ نتیش کمار‘ اپوزیشن کو متحد کرنے اپوزیشن قائدین اور علاقائی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد نے ابھی کوئی ٹھوس شکل اختیار نہیں کی ہے۔ گزشتہ ماہ نتیش کمار نے اشارہ دیا تھا کہ کرناٹک اسمبلی الیکشن کے بعد پٹنہ میں اپوزیشن قائدین کی میٹنگ ہوگی۔