کھیل

انتہائی غریب خاندان کی فلک ناز انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے منتخب

فلک ناز کو اس مقام تک پہنچنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی، لیکن اس کے باوجود فلک نے جس طرح مشکلات کا سامنا کر کے ہندوستانی قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنائی ہے، وہ قابل تعریف ہے۔

نئی دہلی: پریاگ راج کی رہنے والی 18 سالہ فلک ناز کو جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تمام مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود وہ اپنے مقصد پر قائم رہی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں۔ فلک نے 12 سال کی عمر میں ایک خواب دیکھا تھا کہ وہ ملک کے لئے کرکٹ کھیلنا چاہتی ہیں اور اب انہوں نے وہ خواب پورا کر دیا ہے۔ ایک انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والی فلک ناز کو جنوبی افریقہ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

فلک ناز کو اس مقام تک پہنچنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی، لیکن اس کے باوجود فلک نے جس طرح مشکلات کا سامنا کر کے ہندوستانی قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنائی ہے، وہ قابل تعریف ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلک کے گھر کی مالی حالت بہت خراب رہی ہے۔ والد ایک پرائیویٹ اسکول میں چپراسی کے طور پر کام کرتے ہیں جہاں انہیں بہت معمولی تنخواہ ملتی ہے۔

فلک کی لگن اور محنت کو دیکھ کر ان کے والد نے چپراسی کی نوکری کے علاوہ دوسرے پارٹ ٹائم کام بھی شروع کر دیے تاکہ کچھ اور پیسے کما کر وہ فلک کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کی ضروریات بھی پوری کر سکیں۔

ایسے میں ٹیم انڈیا میں سلیکشن کے بعد اب ان کے والد کو بھی امید ہے کہ ان کی بیٹی ملک کے لئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سب کا سر فخر سے بلند کرے گی۔

آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 14 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا اور ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 29 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ یہ آئی سی سی ٹائٹل حاصل کرنے کے لئے کل 16 ٹیمیں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔

ہندوستانی خواتین ٹیم کو ٹورنامنٹ میں گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شیفالی ورما کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو سینئر ٹیم کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔