سعودی۔ شام سفارتی تعلقات کی بحالی کا امکان
سعودی عرب‘ شام سے بات چیت کررہا ہے تاکہ جنگ زدہ ملک میں 10 سال میں پہلی مرتبہ اپنا سفارت خانہ پھر سے کھول سکے۔ مملکت کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کے دن یہ خبر دی۔
بیروت: سعودی عرب‘ شام سے بات چیت کررہا ہے تاکہ جنگ زدہ ملک میں 10 سال میں پہلی مرتبہ اپنا سفارت خانہ پھر سے کھول سکے۔ مملکت کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کے دن یہ خبر دی۔
چین کی ثالثی سے سعودی عرب اور ایران کئی سال کی کشیدگی کے بعد اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ اس کے چند دن بعد یہ نئی پہل ہوئی ہے۔
شامی صدر بشارالاسد نے 2011 کی بہارِ عرب کے بعد سے ملک میں اقتدار پر اپنی گرفت ایران اور روس کی مدد سے مضبوط کررکھی ہے۔
سعودی سرکاری ٹی وی نے اپنے ملک کی وزارت ِ خارجہ کے ایک گمنام عہدیدار کے حوالہ سے کہا کہ مملکت اور دمشق کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔ وزارت ِ خارجہ کے ذرائع نے الاخباریہ کو بتایا کہ شام کی وزارت ِ خارجہ کے ساتھ بات چیت شروع ہوچکی ہے۔ قونصلر خدمات کی بحالی پر بات چیت جاری ہے۔
رائٹر نے جمعرات کے دن سب سے پہلے اس بات چیت کی خبر دی تھی۔ وال اسٹریٹ جرنل نے گمنام سعودی اور شامی عہدیداروں کے حوالہ سے بعدازاں کہا تھا کہ روس کی ثالثی سے دونوں ممالک پھر سے اپنے سفارت خانے کھولنے کے لئے بات چیت کررہے ہیں۔
شامی میڈیا نے فوری اس بات کو نہیں مانا۔ امریکی نیوز ایجنسی دی اسوسی ایٹیڈ پریس(اے پی) نے جمعہ کی صبح جب تبصرہ چاہا تو سعودی اور شامی دونوں حکام نے اس سے انکار کردیا۔