سوشیل میڈیاشمالی بھارت

ایمبولنس نہ ہونے پر حاملہ خاتون کو ترکاری بنڈی پر دواخانہ لے جایا گیا

بہار کے محکمہ صحت کے مشن 60کی حقیقت اس وقت بے نقاب ہوگئی جبکہ ایک حاملہ خاتون کو ترکاری کی بنڈی پر صدر ہاسپٹل لیجایا گیا۔

پٹنہ: بہار کے محکمہ صحت کے مشن 60کی حقیقت اس وقت بے نقاب ہوگئی جبکہ ایک حاملہ خاتون کو ترکاری کی بنڈی پر صدر ہاسپٹل لیجایا گیا۔

یہ واقعہ بہار کے ضلع نالندہ میں ہفتہ کو پیش آیا جوکہ چیف منسٹر نتیش کمار کا آبائی ضلع ہے۔مریضہ کے شوہر راجیو پرساد نے جوکہ بہار شریف کے محلہ قمر الدین گنج کے ساکن ہیں ہفتہ کو ایمبولنس طلب کیا لیکن اس کا انتظام نہیں ہوسکا۔

راجیو پرساد نے کہا کہ انہوں نے ٹول فری نمبر پر کئی مرتبہ ایمبولنس کا انتظام کرنے کیلئے کہا لیکن ملازمین نے ایمبولنس روانہ کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد میں نے بیوی کو ترکاری کی بنڈی پر صدر ہاسپٹل لیجانے کیلئے مجبور ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ دواخانہ پہنچنے کے بعد بھی ملازمین نے کوئی توجہ نہیں کی جس کی وجہ مجھکو ترکاری کی بنڈی کوہی ایمرجنسی وارڈ میں لیجانا پڑا۔راجیو پرساد نے کہا کہ ان کی بیوی کو درد زہ شروع ہونے کے ساتھ ہی انہوں نے ایمبولنس کی انتظام کرنے کی بارہا کوشش کی لیکن اس سلسلہ میں دواخانہ کے حکام نے کوئی توجہ نہیں دی۔جس کی وجہ انہیں اپنی بیوی کو ترکاری کی بنڈی کے ذریعہ لیجانا پڑا۔بہار میں اس طرح کے حالات عام ہیں۔

کسی کے انتقال کرجانے پر لاشوں کو بائیسکل یا پھر کندھوں پر ڈال کر لیجایاجاتاہے کیونکہ سرکاری دواخانوں کی جانب سے ایمبولنس کی فراہمی نہیں کی جاتی۔ اس طرح کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہار کے وزیر صحت تیجسوی یادو نے ہر ضلع ہاسپٹل کیلئے مشن 60کی شروعات کی ہیں۔

ضلع کے دواخانوں میں بستروں،اسٹیچرس، ایمبولنس، آکسیجن سلنڈرس،ادویات، ٹسٹ کے علاوہ دوسری سہولتیں اور انتظامات بھی کئے ہیں تاکہ ریاست کے میڈیکل ہاسپٹلس پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کیا جاسکے۔وزیر صحت کی جانب سے اضلاع کے دواخانوں میں آلات وغیرہ کی مفت سربراہی کی جارہی ہے۔